حیدرآباد ۔ 17۔نومبر (سیاست نیوز) گورنر جشنو دیو ورما اور چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سعودی عرب میں حیدرآباد کے معتمرین کی بس حادثہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ علحدہ پیامات میں گورنر و چیف منسٹر نے سانحہ پر دکھ کا اظہار کیا جس میں حیدرآبادیوں کی شہادت ہوئی ہے ۔ گورنر نے کہا کہ اس دردناک سانحہ سے انہیں دکھ پہنچا ہے اور وہ پسماندگان سے دلی اظہار تعزیت کرتے ہیں۔ انہوں نے مرحومین کیلئے دعا اور زخمیوں کی عاجلانہ صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ گورنر نے حکومت کو ہدایت دی کہ متاثرہ خاندانوں کی مدد کیلئے فوری قدم اٹھائے جائیں ۔چیف منسٹر ریونت ریڈی نے مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ سفر کے دوران سانحہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر نے چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ اور ڈی جی پی شیودھر ریڈی کو ہدایت دی کہ واقعہ کی مکمل تفصیلات حاصل کریں۔ انہوں نے فوت ہونے والے افراد اور زخمیوں کے بارے میں وزارت خارجہ اور سعودی سفارت خانہ سے تفصیلات حاصل کرنے کی ہدایت دی ۔ چیف منسٹر نے سکریٹریٹ میں کنٹرول روم کے قیام کی ہدایت دی جس کے ٹیلیفون نمبرات +917997959754 اور +919912919545 ہیں۔1