پابندی کے باوجود گجرات کے ہر گھر میں شراب نوشی
احمدآباد ۔ 8 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) گجرات کے سابق وزیراعلیٰ شنکر سنگھ واگھیلا نے منگل کے دن گجرات کی بی جے پی حکومت سے دریافت کیا کہ وہ یا تو شراب نوشی پر پابندی خلوص کے ساتھ نافذ کرے یا پھر شراب پر پابندی کی پالیسی پر نظرثانی کرے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ شراب کے اڈے کھلے عام چلائے جارہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ شراب کی غیرقانونی دوکانیں خود وزیراعلیٰ کے بنگلے کے قریب اپنا کام کررہی ہیں۔ انہوں نے بیان کیا کہ ’’حتیٰ کہ گجرات میں ایک کیلو میٹر کی کوئی ایسی جگہ نہیں ملے گی جہاں شراب کی بوتل نہ پائی جاتی ہو‘‘۔ انہوں نے راجستھان کے وزیراعلیٰ اشوک گیہلوٹ کے اس دعویٰ کی تائید کی کہ شراب پر پابندی کی اس ریاست میں شراب آسانی کے ساتھ دستیاب ہوجاتی ہے۔ واگھیلا نے کہا کہ حکومت کا یہ دعویٰ نہایت ہی شرمناک ہے کہ گجرات میں شراب پر پابندی ہے جبکہ شراب کے اڈے گورنر اور چیف منسٹر کے بنگلوں کے پچھواڑے میں اپنا کاروبار چلارہے ہیں‘‘۔ گذشتہ اتوار کو راجستھان کے وزیراعلیٰ گیہلوٹ نے شراب نوشی پر پابندی کے مؤثر ہونے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ بی جے پی کی زیراقتدار ریاست گجرات کے ہر گھر میں شراب نوشی کی جاتی ہے۔