گورنر سوندرا راجن نے رام مندر کیلئے ایک لاکھ روپئے کا عطیہ دیا

   

حیدرآباد۔ رام مندر کی تعمیر کیلئے عطیات وصولی مہم میں صدر جمہوریہ حصہ لینے کے بعد مختلف ریاستوں کے گورنرس نے بھی ذاتی عطیات فراہم کئے ہیں۔ گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے ذاتی طور پر ایک لاکھ ایک روپئے کا عطیہ رام جنم بھوم تیرتھ شیترا ٹرسٹ کے حوالہ کیا ہے۔ انہوں نے ٹرسٹ کے نمائندوں کو یہ چیک حوالہ کیا۔ گورنر کی جانب سے رام مندر کیلئے عطیہ کے بعد دیگر ملازمین نے بھی رضاکارانہ طور پر عطیات کا اعلان کیا ہے۔ رام جنم بھومی مندر نرمان ندھی سمرپن ابھیان سے متعلق تلنگانہ کمیٹی کے ارکان نے راج بھون پہنچ کر گورنر سے ملاقات کی۔ ارکان نے عطیہ مہم کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے گورنر کو رام مندر کے نمونہ پر مشتمل تصاویر پیش کی۔ گورنر نے تعمیری کاموں کی تفصیلات دریافت کیں۔ بتایا جاتاہے کہ گورنر نے رام مندر کی تعمیر کے سلسلہ میں عوام کی شمولیت کی اپیل کی ہے۔