گورنر سوندرا راجن کا ایر پورٹ کوویڈ کیئر سنٹر کا معائنہ

   

انٹر نیشنل مسافرین کے ٹسٹ سے متعلق انتظامات کا جائزہ

حیدرآباد۔یکم ڈسمبر، ( سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے آج حیدرآباد انٹر نیشنل ایر پورٹ پر جی ایم آر کوویڈ کیئر سنٹر کا دورہ کیا۔ ایرپورٹ کے عہدیداروں نے گورنر کو کوویڈ کی تازہ ترین گائیڈ لائنس کے مطابق کئے گئے انتظامات سے واقف کرایا۔ گورنر کو بتایا گیا کہ ایسے بین الاقوامی مسافرین جو اومی کرون ویرینٹ کے جوکھم سے متاثر ہیں ان پر کڑی نگرانی رکھی جارہی ہے۔ بین الاقوامی قواعد اور حکومت ہند کے رہنمایانہ خطوط کے تحت جوکھم بھرے ممالک سے آنے والے مسافرین کی جانچ کی جارہی ہے۔ دنیا بھر میں اومی کرون ویرینٹ کے پھیلاؤ سے متعلق خوف کے ماحول کے درمیان گورنر سوندرا راجن نے ایر پورٹ کا دورہ کرتے ہوئے انٹر نیشنل مسافرین کی جانچ سے متعلق انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حکام کو مشورہ دیا کہ وہ سخت چوکسی برقرارر کھیں کیونکہ جوکھم بھرے ممالک سے آنے والے مسافرین کے ذریعہ نئے ویرینٹ کے پھیلاؤ کا اندیشہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حکومت نے ایرپورٹس پر چوکسی بڑھا دی ہے۔کوویڈ کیئر سنٹر کے معائنہ کے دوران گورنر نے کوویڈ احتیاطی تدابیر کے تحت نہ صرف ماسک بلکہ شیلڈ کا استعمال کیا تھا اور ہاتھوں میں دستانے پہن رکھے تھے۔ گورنر نے کہا کہ احتیاطی تدابیر اور چوکسی کے ذریعہ ہی نئے ویرینٹ کے پھیلاؤ کو روکا جاسکتا ہے۔ر