گورنر سوندرا راجن کی تلگو دانی

   

بتکماں تہوار سے متاثر، تاملناڈو اور تلنگانہ کی روایات میں یکسانیت
حیدرآباد۔/10 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ٹاملناڈو سے تعلق رکھنے والی تلنگانہ کی گورنر ٹی سوندرا راجن نے آج تلگو زبان میں تقریر کرتے ہوئے ہر کسی کو حیرت میں ڈال دیا۔ گورنر کی حیثیت سے جائزہ لینے کے بعد سوندرا راجن نے کہا تھا کہ وہ بہت جلد تلگو سیکھ جائیں گی تاکہ ریاست کے عوام سے ان کی زبان میں بات چیت کرسکیں۔ تلگو دانی کا پہلا مظاہرہ انہوں نے آج جلا وہار میں منعقدہ الائی بلائی پروگرام میں کیا۔ انہوں نے تلگو زبان میں کہا کہ تلنگانہ ریاست کے گورنر کی حیثیت سے خدمات انجام دینا وہ خوش قسمتی تصور کرتے ہیں۔ انہوں نے عوام کو دسہرہ کی مبارکباد پیش کی۔ گورنر نے کہا کہ الائی بلائی پروگرام میں تمام پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے قائدین کی شرکت خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ بتکماں تہوار انہیں کافی پسند آیا ہے۔ راج بھون میں پانچ دن تک بتکماں پروگرام منعقد کیا گیا۔ سوندرا راجن نے کہا کہ ریاستیں بھلے ہی الگ ہوں لیکن تاملناڈو اور تلنگانہ کی روایات میں یکسانیت پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ڈاکٹر کی حیثیت سے وہ والدین کو مشورہ دیتی ہیں کہ اپنے بچوں کی صحت کے بارے میں چوکس رہیں۔ تلنگانہ میں تغذیہ بخش غذاؤں کی کمی کے نتیجہ میں بچوں کی صحت متاثر ہونے کے بارے میں انہوں نے اخبارات میں پڑھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو برگر اور چپس جیسی اشیاء سے دور رکھنا چاہیئے۔