کولکاتا: ترنمول کانگریس آج سے راج بھون کا گھیرائو کررہی ہے ۔تاہم گورنر سی وی آنند بوس کلکتہ میں نہیں ہیںبلکہ شمالی بنگال کے سیلاب زدہ علاقے کا دورہ کررہے ہیں ۔ ترنمول کانگریس نے کہا کہ گورنر سے ملاقات کیلئے وقت مانگا تھا لیکن بوس نے کہا کہ وہ شمالی بنگال کے دورے پرہیں۔ترنمو ل کانگریس کے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ گورنر نے وفد کو شمالی بنگال آنے کیلئے کہا ہے ۔بنگال کی حکمراں جماعت ترنمو ل کانگریس نے گورنر کے اس رویے کو زمیندارانہ ذہنیت قرار دیا ہے ۔خیال رہے کہ ترنمو ل کانگریس کے دہلی مہم کے دوران جب مرکزی وزیر مملکت نے ترنمول کانگریس کے وفد سے ملاقات کرنے سے انکارکردیا تو اس وقت بھی ابھیشیک بنرجی نے مرکزی حکومت اور مرکزی وزیر کے رویہ کو ذمیندارانہ ذہنیت کا نتیجہ قرار دیا تھا۔ترنمول کانگریس کی جانب سے راجیہ سبھا ممبرپارلیمنٹ ڈیرک اوبرائن نے چہارشنبہ کو گورنر سے ملاقات کیلئے وقت مانگا تھا۔ لیکن راج بھون نے کہا کہ گورنر کلکتہ میں نہیں ہیں۔ ایک بار پھر ترنمول کی طرف سے ایک خط بھیجا گیا جس میں کہا گیا تھا کہ انہیں بوس کے کلکتہ واپس آنے کے بعد ملاقات کیلئے وقت دیا جائے ۔