گورنر کا آج اسمبلی و کونسل اجلاس سے خطاب

   

کانگریس پارٹی کی 6 ضمانتوں کا تذکرہ شامل رہے گا
حیدرآباد ۔14۔ڈسمبر (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن کل 15 ڈسمبر کو 11.30 بجے دن اسمبلی اور کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گی۔ تلنگانہ میں اسمبلی انتخاب میں کانگریس کی کامیابی اور تشکیل حکومت کے بعد سوندرا راجن کا دونوں ایوانوں سے یہ پہلا خطاب ہوگا۔ کے سی آر حکومت سے اختلافات کے نتیجہ میں سابقہ حکومت نے گورنر کو دونوں ایوانوں سے خطاب کا موقع نہیں دیا تھا ۔ کانگریس حکومت کی تشکیل اور تیسری تلنگانہ اسمبلی کے قیام کے بعد اسمبلی کا یہ پہلا اجلاس ہے اور گورنر کو ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کی دعوت دی گئی ہے۔ اسی دوران کابینہ نے گورنر کے خطبہ کو منظوری دی ہے ۔ سکریٹریٹ میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کی صدارت میں کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں گورنر کے خطبہ کا جائزہ لیتے ہوئے منظوری دی گئی۔ حکومت کی تبدیلی کے بعد گورنر کا یہ پہلا خطاب ہے ، لہذا کانگریس حکومت کے عوام سے وعدوں کی تفصیلات گورنر کے خطبہ میں شامل کی گئی ہیں۔ کانگریس کی 6 ضمانتوں پر عمل کے اقدامات کا بھی تذکرہ کیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ بی آر ایس کے 10 سالہ دور میں ریاست کی معاشی ابتر صورتحال کا گورنر کے خطبہ میں احاطہ کیا جائے گا۔ آئندہ پانچ برسوں میں کانگریس حکومت کے انداز کارکردگی اور وعدوں کی تکمیل کو خطبہ میں شامل کیا گیا ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ ریونت ریڈی حکومت راج بھون سے اپنے روابط کو کس طرح استوار رکھے گی۔ر