چینائی : حکومت ٹاملنالاو نے اعلان کیا ہے کہ اس نے یوم جمہوریہ کے موقع پر ریاستی گورنر آر این روی کی جانب سے 26 جنوری کو راج بھون میں منعقد کی جانے والی ٹی پارٹی کا بائیکاٹ کرے گی ۔ کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جبکہ گورنر کے مبینہ اقدامات کے خلاف احتجاج کیا جا رہا ہے ۔ حکومت کا ادعا ہے کہ گورنر کے کچھ اقدامات کے نتیجہ میں ریاستی حکومت کے کام کاج میں رکاوٹیں پیدا ہو رہی ہیں۔ ڈی ایم کے حکومت نے چیف منسٹر ایم کے اسٹالن کی قیادت میں یہ اعلان کیا ہے کہ پارٹی کے کوئی بھی نمائندے یوم جمہوریہ ٹی پارٹی میں شرکت نہیں کریں گے ۔ کئی دوسری سیاسی جماعتوں بشمول کانگریس ‘ وی سی کے اور بائیں بازو کی جماعتوں نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ یوم جمہوریہ استقبالیہ میں شرکت نہیں کریں گی ۔ ایم ڈی ایم کے کے جنرل سکریٹری وائیکو نے گورنر پر ریاستی حکومت کو ابتداء ہی سے نیچا دکھانے کی کوشش کا الزام عائد کیا ہے ۔ انہوں نے گورنر آر این روی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی قانون ساز اسمبلی میں منظور کردہ بلز کو بھی ریاستی گورنر روکے رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے ادعا کیا کہ گورنر ریاست میں ہندوتوا ایجنڈہ کو فروغ دے رہے ہیں اور یہ دستور کے مغائر ہے ۔