اردو زبان میں عیدالفطر کی مبارکباد،اسلام کے پیام امن و سلامتی کا اعتراف
حیدرآباد۔/23 اپریل، ( سیاست نیوز) گورنر ہریانہ بنڈارو دتاتریہ نے مذہبی رواداری و فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا بھرپور مظاہرہ کرکے عیدالفطر کے موقع پر اپنے مسلم دوست احباب اور قائدین کو اردو زبان میں مبارکبادی کا پیام روانہ کیا۔ گورنر ہریانہ جن کا تعلق حیدرآباد سے ہے وہ ہندو مسلم اتحاد کے ہمیشہ حامی رہے ہیں اور بی جے پی میں رہنے کے باوجود وہ مسلمانوں اور دیگر طبقات میں یکساں مقبول رہے۔ گورنر ہریانہ کی حیثیت سے راج بھون چندی گڑھ سے اپنے لیٹر پیڈ پر ہندی و اردو زبان میں عیدالفطر کی مبارکباد کے عنوان سے ایک پیام مسلم دوست احباب کے نام روانہ کیا۔ پیام میں کہا گیا کہ رمضان کے مہینہ بھر روزے رکھنے کی خوشی میں منانے والے تہوار عیدالفطر کے مبارک موقع پر آپ کو آپ کے اہل خانہ کو بہت بہت مبارکباد۔ میں اللہ سے آپ اور آپ کے خاندان کیلئے اچھی صحت اور خوشحالی کی دعا کرتا ہوں، آپ سب رمضان میں روزہ رکھتے ہیں جس سے ذہن اور روح پاکیزہ اور پرسکون رہتے ہیں۔ زندگی میں نئی توانائی اور طاقت فراہم ہوتی ہے۔ مقدس کتاب قرآن پاک کے پیغامات میں سے ایک یہ ہے جو اللہ نے اسلام کے اصولوں پر عمل کرنے بھیجا ہے جو انسانیت کیلئے امن، بھائی چارہ، ہم آہنگی اور محبت کا پیغام دیتا ہے۔ پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم جو رحمۃ للعالمین بن کر تشریف لائے اور ان کے پیغامات کے مطابق اسلام میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ اسلام ہمیں اللہ کے حکم کے مطابق غریب بھائیوں کی مدد کیلئے اپنی آمدنی کا ڈھائی فیصد حصہ زکوٰۃ کی شکل میں دینے کی ترغیب دیتا ہے۔ آج بھی اسلام کی طرف سے دکھایا گیا راستہ ملک میں امن، ہم آہنگی اور بھائی چارے کے ساتھ رہنے میں مدد کرتا ہے اور نیکی کا راستہ دکھاتا ہے۔ میری جانب سے ایک بار پھر آپ کو عیدالفطر کی خوشیاں مبارک ہوں۔ بنڈارو دتاتریہ کے اردو زبان میں پیام عید کی ہر حلقہ میں ستائش کی جارہی ہے۔ر