گورنمنٹ اسکول راجم پیٹ کے طلبہ میں امتحانی کٹس کی تقسیم

   

سنگاریڈی ۔11 مارچ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) اردواکیڈمی جدہ اور محی الدین ٹرسٹ کی جانب سے محمد ہاشم علی نائب صدر اردواکیڈمی جدہ نے آج اردومیڈیم گورنمنٹ ہائی اسکول ، راجم پیٹ سنگاریڈی پہنچ کراردومیڈیم دسویں جماعت کے 19 طلباء وطالبات میں امتحانی کٹس ایگزام پیاڈ ، پین ، پینسل اوراسکیل وغیرہ تقسیم کئے۔ بعد ازاں گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول نزد قدیم بس اسٹانڈ ، مین روڈ ، اوپربازار سنگاریڈی میں اردو میڈیم دسویں جماعت کے 13طلباء میں امتحانی کٹس ایگزام پیاڈ ، پین ، پینسل اور اسکیل وغیرہ تقسیم کئے۔ اس موقع پر محمد ہاشم علی نائب صدر اردواکیڈمی جدہ نے اردواکیڈمی جدہ کی 25 سالہ خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے اردو اکیڈمی جدہ کاقیام اور اس کے اغراض ومقاصد پیش کئے۔ انہوں نے طلباء سے کہا کہ اپنے والدین اوراساتذہ کا احترام کریں۔اپنے والدین اور اساتذہ کی دعائیں لیں۔ طلباء و طالبات اپنے دسویں جماعت کے امتحانات میں کامیابی کیلئے اچھی طرح محنت کرتے ہوئے دسویں جماعت کے امتحانات میں اعلی نشانات حاصل کرتے ہوئے امتیازی کامیابی حاصل کریں۔ اس موقع پر سید وحیدالدین مدرس ، محمد قطب الدین کے علاوہ دیگر موجود تھے۔