حیدرآباد 16 جولائی (سیاست نیوز) گورنمنٹ اسکولس میں انگلش میڈیم شروع کرنا بڑی کامیابی ثابت ہورہا ہے۔ طلبہ کی بڑی تعداد خانگی اسکولس سے نکل کر گورنمنٹ اسکولس میں داخلے حاصل کررہی ہے۔ بورا بنڈہ میں ناٹکو گورنمنٹ ہائی اسکول اور راج بھون کے پاس واقع اسکول اس مکمل تبدیلی کی ایک مثال ہے۔ بورا بنڈہ گورنمنٹ ہائی اسکول میں دستیاب نشستوں کی تعداد 1100 ہے جبکہ 1850 سے زائد طلبہ نے اس اسکول میں داخلہ لیا ہے۔ اولیائے طلباء کی جانب سے اسکول کے ذمہ داروں پر دباؤ ڈالا جارہا ہے کہ ان کے بچوں کو اس اسکول میں داخلہ دیں۔ اولیائے طلباء سیاسی قائدین کے پاس پہنچ کر اس اسکول میں ان کے بچوں کے داخلہ کے لئے سفارش کرنے کے لئے کہہ رہے ہیں۔ بورا بنڈہ اسکول میں 6 ۔ 10 کلاسیس کے لئے انگلش میڈیم شروع کیا گیا ہے۔ اس اسکول میں ٹیچرس کی تعداد 40 ہے۔ یہاں انگلش میڈیم پس منظر رکھنے والے ٹیچرس جو ڈی ایس سی کے ذریعہ منتخب ہوئے ہیں کلاسیس لیتے ہیں۔