جاریہ تعلیمی سال سے نئی اسکیم ، حیدرآباد میں تجرباتی آغاز
حیدرآباد۔23 ۔جولائی (سیاست نیوز) جاریہ تعلیمی سال طلبہ کو اپنی پسند کے کورسس میں داخلہ کیلئے حکومت نے منفرد اسکیم شروع کی ہے جس کے تحت سرکاری ڈگری کالجس کے طلبہ اپنی پسند کے کورس کے لئے دوسرے کالج کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ گورنمنٹ کالجس میں داخلوں اور طلبہ کی تعداد برقرار رکھنے کیلئے یہ اسکیم متعارف کی گئی ہے ۔ اگر کوئی طالب علم کسی مخصوص کورس میں دلچسپی رکھتا ہو اور اس کے کالج میں یہ کورس دستیاب نہیں ہے تو وہ کسی اور گورنمنٹ ڈگری کالج کا کلسٹرس سسٹم کے تحت انتخاب کرسکتا ہے جہاں وہ کورس موجود ہو۔ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں نے کلسٹرس سسٹم پر عمل آوری کے لئے 4 تا 5 گورنمنٹ ڈگری کالجس کے گروپس تیار کئے ہیں۔ یہ کالجس قریبی علاقوں میں موجود رہیں گے۔ حیدرآباد اور ریاست کے کسی ایک ضلع میں پائلٹ پراجکٹ کے طور پر اسکیم پر عمل کیا جائے گا۔ نئے سسٹم کے تحت نہ صرف کورس بلکہ کالجس ، انفراسٹرکچر اور ریسورس میٹریل کا تبادلہ کرسکتے ہیں۔ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی نے تمام ریاستی یونیورسٹیز کیلئے ای ریسورس اور کورس میٹریل فراہم کرنے کا پیشکش کیا ہے ۔ تلنگانہ اسٹیٹ کونسل آف ہائیر ایجوکیشن نے کلسٹرس سسٹم پر عمل آوری کا جائزہ لینے کیلئے ماہرین کی کمیٹی تشکیل دی ہے جو کورس کے علاوہ نصابی مواد کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔ گورنمنٹ کالجس میں اس تجربہ کی کامیابی کے بعد دیگر اضلاع میں توسیع دی جائے گی ۔