اندرون 20 یوم سنگ بنیاد رکھنے کا منصوبہ ۔ اسمبلی میں چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کا اعلان
حیدرآباد 2 اگسٹ ( سیاست نیوز) چیف منسٹر نے دواخانہ عثمانیہ کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد گوشہ محل اسٹیڈیم اور پولیس کوارٹرس کی اراضی پر رکھنے کا اعلان کیا اور کہا کہ حکومت عثمانیہ دواخانہ کی تاریخی عمارت کے تحفظ کو بھی یقینی بنائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت اندرون 20 یوم 30 ایکڑ پر عثمانیہ دواخانہ کی تعمیر کے احکام جاری کرکے اس کا سنگ بنیاد رکھنے اقدامات کرے گی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت دواخانہ عثمانیہ کی تاریخی عمارت کے تحفظ کے اقدامات کرے گی اور دواخانہ کی نئی عمارت گوشہ محل اسٹیڈیم اور پولیس کوارٹر کو حاصل کرکے تعمیر کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت شہر کی تاریخی عمارتوں کی ترقی کے اقدامات کریگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ پرانے شہر کو استنبول ‘ نیویارک یا لندن بنانے جیسی باتیں نہیں کرسکتے کیونکہ وہ اتنے بڑے نہیں ہیں لیکن پرانے شہر میں ہر عصری سہولت کی فراہمی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے میر عالم تالاب پر ہینگنگ برج کی تعمیر کے فیصلہ کے مطابق تفصیلی پراجکٹ رپورٹ اندرون 20یوم پیش کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ میر عالم تالاب پر جو برج تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے وہ لندن برج کے طرز پر ہوگا۔ انہوں نے پرانے شہر میں میٹرو ریل کی تعمیر میں حکومت کی سنجیدگی کا اعادہ کیا اور کہا کہ پرانے شہر میں میٹرو چلائی جائے گی اور سڑکوں کی توسیع بھی ہوگی۔ انہو ںنے بتایاکہ حکومت سے 2050 میگا ماسٹر پلان کی تیاری کی جار ہی ہے تاکہ جس طرح سے قطب شاہوں اور آصف جاہوں نے 400سال کو نظر میں رکھتے ہوئے شہر کو ترقی دی تھی اسی طرز پر کانگریس حکومت سے 1000 سال کے منصوبہ کی تیاری کے ترقیاتی اقدامات کئے جائیں گے۔ ریونت ریڈی نے کہ پرانے شہر کی تاریخی عمارتوں اور بازاروں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ چارمینارشہر کی تہذیب کا عکاس ہے اور اس کے اطراف جس انداز میں بازاروں کو فروغ دیاگیا اسے مزید بہتر بنانے اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے شہر میں پینے کے پانی کی فراہمی کے علاوہ ریجنل رنگ روڈ کے حدود میں 345تا360کیلو میٹر کے دائرہ میں ترقیاتی منصوبہ پر عمل آوری کی جائے گی اور ORRاور RRRکے درمیان موجود علاقہ میں کلسٹرس تعمیر کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے شہر کی تاریخی و تہذیبی عمارتوں کے علاوہ تالابوں اور نہروں کے تحفظ کے اقدامات کئے جائیں گے اور اسی لئے ’حیدرا‘ کی تشکیل عمل میں لائی گئی تاکہ شہر کی ترقی کے اقدامات کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے حلقہ چندرائن گٹہ اور حلقہ ملک پیٹ میں 300 کروڑ کی لاگت سے سیوریج نظام کی تعمیر کے منصوبہ پر اگسٹ کے اواخر سے عمل کا اعلان کیا اور کہا کہ اس کام کو جلد مکمل کرنے اقدامات کئے جائیں گے۔3