گوشہ محل کے غریبوں میں بلالحاظ مذہب و ملت روزانہ دو مرتبہ غذا کی فراہمی

   

Ferty9 Clinic

ہندو ‘ مسلم ‘ سیکھ ‘ عیسائی سب کیلئے مفت کھانا اورایمرجنسی ایمبولنس: راجہ سنگھ

حیدرآباد۔29مارچ(سیاست نیوز) رکن اسمبلی گوشہ محل راجہ سنگھ جو کہ ہر وقت منفی خبروں کے سبب چرچہ میں رہتے ہیں لیکن کورونا وائرس کے سبب لاک ڈاؤن کی اس نازک گھڑی میں ان کے اقدامات نے ان کے جذبۂ انسانیت کو ظاہر کیا ہے۔ شہر حیدرآباد میں رکن اسمبلی راجہ سنگھ واحد رکن اسمبلی ہیں جنہوں نے اپنے حلقہ سے تعلق رکھنے والے رائے دہندوں کے لئے ایمرجنسی گاڑیوں کے علاوہ یومیہ 1000 افراد کے کھانے کا انتظام کرنے کا اعلان کرتے ہوئے آج سے دو وقت کے کھانے کا انتظام بھی کردیا ہے ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے اپنے حلقہ کے عوام کیلئے جاری کردہ ویڈیو پیام میں کہا وہ مصیبت کی اس گھڑی میں اپنے حلقہ کے عوام کے درمیان ہیں اور وہ غریب عوام کیلئے روزانہ دو وقت کے کھانے کا انتظام کر رہے ہیں۔ انہو ں نے عالمی اور قومی سطح پر جاری حالات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جانب سے جو طعام کا انتظام کیا جا رہاہے وہ کسی مخصوص طبقہ یا مذہب کے ماننے والوں کے لئے نہیں بلکہ حلقہ میں موجود تمام رائے دہندوں کے لئے کیا جا رہاہے۔ انہوں نے تمام ضرورت مندوں سے اپیل کی کہ وہ اس سے استفادہ کریں۔ راجہ سنگھ نے کہا کہ ان کی جانب سے ایمرجنسی میں گاڑیوں کے استعمال کے علاوہ کھانے کا انتظام حلقہ اسمبلی گوشہ محل کے تمام افراد کیلئے ہے اور اس میں کوئی بھید بھاؤ نہیں رہے گا۔ انہوں نے اپنے حلقہ کی عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر انہیں کسی بھی طرح کے مسائل کا سامنا ہے تو وہ راست ان سے رابطہ کریں وہ مسئلہ کو حل کرنے کی ممکنہ کوشش کریں گے۔ انہوں نے راجستھان سے تعلق رکھنے والے تاجرین وملازمین طبقہ سے بھی اپیل کی کہ وہ واپس جانے کی کوشش نہ کریں اور انہیں جو کچھ بھی ضرورت ہو اس سے واقف کروائیں تاکہ ان کی ضرورتوں کو کورونا وائرس کی اس تباہ کاریوں کے درمیان بھی ممکنہ حد تک پورا کیا جاسکے۔