’گولڈن تھری شولڈ ‘میں راجکماری اندرا دیوی ہال کا افتتاح

,

   

بلبل ہند سروجنی نائیڈو کی رہائش گاہ تاریخی اہمیت کی حامل: رمنا چاری

حیدرآباد۔6نومبر(سیاست نیوز) حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی نے قلب شہر میں واقع تاریخی عمارت ’’ گولڈن تھری شولڈ‘‘ میں رانی اندرا دھنراج گیر جی کے نام سے موسوم کئے گئے ہال کا آج فتتاح انجام دیا۔ ریاستی حکومت کے مشیر برائے تہذیبی امور ڈاکٹر کے وی رمنا چاری نے بلبل ہند سروجنی نائیڈو کے مکان واقع گولڈن تھری شولڈ میں اس ہال کا افتتاح انجام دیا۔ افتتاحی تقریب میں ڈاکٹر کے وی رمنا چاری کے علاوہ پروفیسر پی اپا راؤ کے علاوہ رانی اندرا دھنراج گیر جی موجود تھیں۔ پروفیسر پی اپا راؤ نے اس تقریب سے خطاب کے دوران بتایا کہ اس عمارت کی تاریخی اہمیت کی برقراری کیلئے یونیورسٹی آف حیدرآباد کی جانب سے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں کیونکہ اس عمارت کا آزادیٔ ہند سے گہرا تعلق ہے کیونکہ تحریک آزادی کے دوران جن مجاہدین آزادی نے شہر حیدرآباد کا دورہ کیا تھا وہ اس عمارت میں قیام کرچکے ہیں۔جن مجاہدین نے گولڈن تھری شولڈ میں قیام کیا ان میں مہاتما گاندھی میں بھی شامل ہیں اور اس عمارت کے صحن میں گاندھی جی کی جانب سے لگایا گیا آم کا درخت اب بھی موجود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کی جانب سے INTACH کے تعاون و اشتراک سے اس عمارت کی خوبصورتی اور تاریخی حیثیت کو برقرار رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس عمارت میں رانی اندرا دھنراج گیر جی کے نام سے ہال کی افتتاحی تقریب میں ’رانی ماں ‘ کی موجودگی پر مشیر برائے حکومت تلنگانہ ڈاکٹر کے وی رمنا چاری نے خوشی کا اظہار کیا۔