گولکنڈہ اور گنبدان قطب شاہی کے تحفظ کیلئے اقدامات کی ہدایت

   

اسٹیٹ ہرٹیج اتھارٹی کا اجلاس، چیف سکریٹری نے 26 تاریخی عمارتوں پر رپورٹ طلب کی
حیدرآباد۔/24 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ ہرٹیج اتھارٹی جو ریاستی سطح کا ادارہ ہے اس کا اجلاس اتھارٹی کے صدرنشین چیف سکریٹری سومیش کمار کی صدارت میں منعقد ہوا۔ کمیٹی نے دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں 26 محفوظ تاریخی عمارتوں کے تحفظ کے علاوہ گنبدان قطب شاہی اور گولکنڈہ قلعہ کے تحفظ کا جائزہ لیا۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ تمام پروٹیکٹیڈ مانومینٹس کے بارے میں تصاویر کے ساتھ رپورٹ پیش کریں۔ تاریخی عمارتوں کا معائنہ کرتے ہوئے ان کی موجودہ صورتحال اور تحفظ کیلئے درکار اقدامات پر تجاویز پیش کی جائیں تاکہ حکومت کارروائی کرے۔ کمیٹی نے گنبدان قطب شاہی اور دیگر ہرٹیج عمارتوں کیلئے بفر زونس پر رہنمایانہ خطوط کو قطعیت دینے کی ہدایت دی ہے۔ چیف سکریٹری نے کاکتیہ دور کی رامپا مندر ضلع ملگ کے تحفظ اور ترقی کیلئے تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ اجلاس میں پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار، سکریٹری تعلیم سندیپ کمار سلطانیہ، کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار، سکریٹری یوتھ افیرس سرینواس راجو، سکریٹری قانون سنتوش ریڈی، کلکٹر رنگاریڈی اموئے کمار، کلکٹر ملگ کرشنا آدتیہ، اسپیشل آفیسر قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی سنتوش، منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ ٹوریزم ڈیولپمنٹ کارپوریشن منوہر، چیف سٹی پلانر جی ایچ ایم سی دیویندر ریڈی اور آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کی عہدیدار سومتی نے شرکت کی۔R