ہمایوں نگر میں ہلکی کشیدگی ۔ پولیس نے ملزم سائی کو گرفتار کرلیا
حیدرآباد ۔ 19 اگست (سیاست نیوز) ہمایوں نگر میں گویائی سے محروم خاتون کی عصمت ریزی کے بعد علاقہ میں کشیدگی پیدا ہوگئی۔ ایک 30 سالہ گونگی اور بہری خاتون کے گھر میں داخل ہوکر ایک بدمعاش نے عصمت ریزی کی اور خاتون کو ان ہی کے باتھ روم میں بند کردیا ۔ گونگی اور بہری ہونے کے سبب خاتون اپنے بچاؤ کیلئے کچھ نہ کرسکی اور خاتون کی بے بسی کو اپنی ہوس کا شکار بنانے والے بدمعاش نے اس کو باتھ روم میں بند کردیا۔ اس واقعہ کی اطلاع عام ہوتے ہی مقامی عوام میں شدید برہمی پیدا ہوگئی۔ تاہم پولیس نے فوری مقام پر پہنچ کر حالات کو بگڑنے سے بچا لیا۔ متاثرہ خاتون کا تعلق مسلم طبقہ سے ہے جبکہ بدمعاش سائی کو پولیس نے گرفتار کرلیا اور احتیاطا چوکسی اختیار کرلی ہے۔ بتایا جاتا ہیکہ سائی اس خاتون کے پڑوس میں رہتا تھا اور وہ خاتون کے ساتھ گھناونی حرکت کا انتظار کررہا تھا۔ بتایا گیا کہ خاتون کا شوہر بھی گونگا اور بہرہ ہے، رات اپنی والدہ کے ساتھ باہر گیا تھا اور گھر میں کوئی نہیں تھا۔ اس وقت سائی گھر میں داخل ہوگیا اور خاتون کی مبینہ عصمت ریزی کے بعد اس بے بس خاتون کو باتھ روم میں بند کردیا اور باہر سے مکان کا دروازہ لگا کر فرار ہوگیا۔ جب خاتون کا شوہر گھر واپس لوٹا تو اس بات کا علم ہوا۔ اس سلسلہ میں انسپکٹر ہمایوں نگر پولیس ایم سائدیشور نے بتایا کہ سائی کو گرفتار کرلیا گیا اور اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔ع
