نئی دہلی: مغربی بنگال کے سابق گورنر گوپال کرشن گاندھی نے آئندہ صدارتی الیکشن لڑنے کے لئے اپوزیشن جماعتوں کے لیڈران کی اپیل کو پیر کو نامنظور کردیا اور کہا کہ الیکشن میں ایسا امیدوار ہونا چاہئے، جس کے لئے قومی سطح پر رضامندی ہو اور اپوزیشن اتحاد یقینی بنائے۔ ایک بیان میں گوپال کرشن گاندھی (77) نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے کئی لیڈران نے صدر جمہوریہ عہدہ کے آئندہ انتخابات میں اپوزیشن کا امیدوار بننے کے لئے ان کے نام پر غور کیا جو، ان کے لئے اعزاز اور احترام کی بات ہے۔گوپال کرشن گاندھی نے مزید کہا، ’میں ان کا بہت شکر گزار ہوں، لیکن اس معاملے پر گہرائی سے غوروخوض کرنے کے بعد میں دیکھتا ہوں کہ اپوزیشن کا امیدوار ایسا ہونا چاہئے، جو اپوزیشن اتحاد کے علاوہ قومی سطح پر عام رضامندی ظاہر کرے‘۔