حیدرآباد 24 ستمبر (این ایس ایس) رچہ کنڈہ پولیس نے ان پانچ نقلی پولیس والوں کو گرفتار کرلیا جنھوں نے ایک قومی شاہراہ پر گٹکھا کے تاجر کو ڈرا دھمکاکر لوٹ لیا تھا۔ پولیس نے ان پانچ دھوکہ بازوں کو گرفتار کرنے کے بعد اُن کے قبضہ سے 22.08 لاکھ روپئے مالیتی مسروقہ مال برآمد کرلیا جس میں طلائی زیورات 1800 امریکی ڈالر، دیگر بیرونی کرنسی اور 3.51 لاکھ روپئے نقد شامل ہے۔ رچہ کنڈہ اسپیشل آپریشنس ٹیم اور گھٹکیسر پولیس نے 38 سالہ اے ویرنا، 31 سالہ موگلا نریش، 28 سالہ گنگا دیوی پربھاکر، 22 سالہ سید عامر اور 25 سالہ محمد فرید کو گرفتار کیا۔ ایک ملزم رجنی کانت ساکن ناچارم مفرور ہے۔ یہ افراد بیدر سے حیدرآباد کو گٹکھا لانے والے تاجرین کو شاہراہوں پر لوٹا کرتے تھے۔