حیدرآباد میں پانی کا بحران ختم، یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب سے وزیر داخلہ کاخطاب
حیدرآباد۔/18 جون، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ گذشتہ 9 برسوں میں کے سی آر حکومت نے ریاست بھر میں پانی کی قلت کے مسئلہ پر قابو پالیا ہے۔ مشن بھگیرتا کے تحت ہر گھر کو نل کنکشن کے ذریعہ صاف پینے کا پانی سربراہ کیا جارہا ہے۔ وزیر داخلہ آج یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب کے ضمن میں رویندرا بھارتی میں پینے کے پانی کا تہوار تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے برقی اور پانی کے بحران پر قابو پالیا ہے جس سے ریاست کے کئی علاقے متاثر تھے۔ متحدہ آندھرا پردیش میں دیہی علاقوں میں پینے کے پانی کے حصول کیلئے عوام کو دور دراز علاقوں تک جانا پڑ رہا تھا۔ پانی کے مسئلہ پر لڑائی جھگڑے عام تھے۔ کے سی آر نے مشن بھگیرتا جیسی منفرد اسکیم متعارف کرتے ہوئے گھر گھر پانی کی سربراہی کو یقینی بنایا ہے۔ ہر گھر کو ماہانہ 20 ہزار لیٹر پانی مفت سربراہ کیا جارہا ہے۔ اس اسکیم سے غریبوں میں خوشی کا ماحول ہے۔ محمود علی نے کہا کہ آوٹر رنگ روڈ پر پانی کی سربراہی کیلئے 4000 کروڑ خرچ کئے گئے اور 293 ذخائر آب کی تعمیر کی گئی۔ حیدرآباد کو کرشنا اور گوداوری سے پانی سربراہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے 1996-97 میں رکن اسمبلی کی حیثیت سے سدی پیٹ میں گھر گھر پانی کی سربراہی کا نلوں کے ذریعہ آغاز کیا تھا۔ ریاست میں مشن بھگیرتا کے تحت 45028 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے اور ایک کروڑ 6 ہزار خاندانوں کو نلوں کے ذریعہ پانی سربراہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں پانی کی سربراہی کے مسئلہ کو مستقل طور پر حل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ تقریب میں ریاستی وزراء دیاکر راؤ، سرینواس یادو، پرشانت ریڈی، ملاریڈی اور اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ر