گہلوت نے کورونا کا ٹیکہ لگوایا

   

جے پور : راجستھان کے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نے آج کورونا کا ٹیکہ لگوایا۔ مسٹر گہلوت نے ٹیکہ لگوانے کے بعد صحافیوں سے کہا کہ راجستھان میں کورونا انتظام بہت شاندار ہوا ہے جسے پورے ملک نے سراہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح ریاست میں ٹیکہ کاری کامیاب ہوگی۔ فی الحال روزانہ دو ڈھائی لاکھ افراد کو ٹیکے لگائے جا رہے ہیں۔ پورے ملک کی ٹیکہ کاری کا تقریباً 25 فیصد راجستھان میں ہو رہا ہے کیونکہ کورونا کا انتظام بہت اچھا ہوا ہے ۔ اس سے عوام کا بھروسہ بڑھا ہے ۔ مسٹر گہلوت نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ عوام آگے بڑھ بڑھ کر لگوا رہے ہیں۔ بہت شاندار طریقے سے کام چل رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا گذشتہ برس مارچ میں آیا تھا اور اب مارچ چل رہا ہے ، ایک سال تک اپنے آپ کو تیار رکھنا تعریف کے قابل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں سب نے مل کر کورونا کی جنگ لڑی لہٰذا ہم کامیاب ہوئے ۔ مسٹر گہلوت نے کہا کہ کورونا دہلی، پنجاب، چھتیس گڑھ، مہاراشٹر، کیرالا میں پھر سے بڑھ رہا ہے ، کئی جگہ لاک ڈاؤن کی نوبت آ گئی ہے ۔ لہذا راجستھان میں جیتی ہوئی جنگ نہ ہار جائیں’ ضروری ہے کہ ہم یہاں ٹیکہ کاری کے ساتھ ہی پروٹوکال پر مکمل عمل پیرا ہوں۔