راجستھان کے وزیراعلی اشوک گہلوت نے ریاست میں عالمی وبا کورونا کی روک تھام کے لئے کئے جارہے ویکسی نیشن کے تحت ٹیکے کی دوسری ڈوز کے لئے ویکسین کی سپلائی میں اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔مسٹر گہلوت نے منگل کو وزیراعلی کی رہائش گاہ سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ریاست میں ویکسی نیشن مہم کے جائزے کے دوران کہا کہ راجستھان، کووڈ ویکسی نیشن کا بہترین انتظام کررہا ہے لیکن ضرورت کے مطابق ویکسین کی سپلائی نہ ہونے کے سبب لوگوں کو دوسری ڈوز لگانے میں تاخیر ہورہی ہے۔ انہوں نے بڑی تعداد میں لوگوں کو دوسری ڈوز لگوانے کا مقررہ وقت آجانے کی صورت میں مرکزی حکوت سے اس کے لئے ویکسین کی سپلائی کرنے کی ضرورت ظاہر کی۔انہوں نے کہا کہ ماہرین مسلسل تیسری لہر کا خدشہ ظاہر کررہے ہیں۔ ایسے میں ریاست کی زیادہ تر آبادی کا جلد از جلد ویکسی نیشن ہوجانا چاہئے کیونکہ دونوں ڈوز لگنے پر ہی انفیکشن سے پوری طرح تحفظ ملتا ہے