گیانواپی معاملہ : وزیراعلی یوگی کا متنازع بیان: مسلم فریق کو اپنی تاریخی غلطی کا اعتراف کرنا چاہئے

,

   

نئی دہلی: وارانسی میں گیانواپی مسجد احاطہ تنازع کے درمیان اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے متنازع بیان دیا ہے انہوں نے کہا کہ گیانواپی احاطہ کو مسجد نہیں کہا جاسکتا ہے۔ نیوز ایجنسی سے بات چیت میں وزیراعلی یوگی نے کہا کہ آپ تاریخ کو توڑ مروڑ کرسکتے ہیں، لیکن تاریخی ثبوتوں کو نہیں ۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ مسلم فریق کو اپنی تاریخی غلطی کو قبول کرنا چاہئے اور حل کیلئے تجویز پیش کرنی چاہئے ۔وزیراعلی یوگی نے کہا کہ اگر ہم اس کو مسجد کہتے ہیں تو تنازع ہوگا۔ ہمیں اس کو گیانواپی ہی کہنا چاہئے ۔ مجھے لگتا ہے کہ جسے بھگوان نے نظر دی ہے، اس کو دیکھنا چاہئے ۔ ایک ترشول ایک مسجد کے اندر کیا کر رہا ہے؟ ہم نے اس کو وہاں نہیں رکھا ۔ اندر سیکورٹی ہے، وہاں سینٹرل فورسیز ہیں، وہاں ایک جیوترلنگ ، مورتیاں ہیں۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ مسجد کے اندر موجود جسمانی، کلاسیکی اور دیگر آثار قدیمہ کے شواہد کو نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے۔