نئی دہلی: حکومت صرف نو کروڑ فائدہ اٹھانے والوں کو ایل پی جی سبسڈی دے رہی ہے جو اجولا یوجنا کے تحت مفت ایل پی جی کنکشن حاصل کرتے ہیں اور دیگر استفادہ کنندگان کو مارکیٹ ریٹ پر ایل پی جی سلنڈر لینا ہوگا۔ پیٹرولیم سکریٹری پنکج جین نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ جون 2020 سے ایل پی جی پر کوئی سبسڈی نہیں دی جارہی ہے۔ صرف 21 مئی کو وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کے ذریعہ اجولا اسکیم کے استفادہ کنندگان کو سبسڈی دینے کا اعلان لاگو ہے پٹرول اور ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کا اعلان کرنے کے علاوہ، سیتا رمن نے اجولا اسکیم کے استفادہ کنندگان کو ایک سال میں 12 گیس سلنڈروں پر 200 روپے فی سلنڈر سبسڈی دینے کا بھی اعلان کیا۔ اس وقت 14.2 کلوگرام وزنی ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 1,003 روپے ہے۔ لیکن پردھان منتری اجولا یوجنا کے استفادہ کنندگان کے بینک اکاؤنٹ میں ہر سلنڈر کی بکنگ کے بعد، حکومت 200 روپے کی سبسڈی بھیجے گی۔ اس طرح ان کے لیے ایک سلنڈر کی مؤثر قیمت 803 روپے ہوگی۔