گیس کی قلت: ممبئی میں کئی ہوٹلس اور ریسٹورینٹس بند

,

   

ممبئی :/10 مارچ (ایجنسیز) ایک طرف مرکزی حکومت کہہ رہی ہے کہ ملک میں تیل اور گیس کے ذخائر کافی ہیں لیکن دوسری طرف کئی علاقوں میں ایندھن کی کمی تشویش پیدا کر رہی ہے۔ کمرشل سلنڈروں (LPG) کی قلت کے باعث ممبئی میں تقریباً 20 فیصد ہوٹل اور ریسٹورنٹ بند ہو گئے ہیں۔ممبئی ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن نے منگل کے روز یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہی صورتحال جاری رہی تو آئندہ دو دنوں میں شہر کے آدھے ہوٹل بھی بند ہو سکتے ہیں۔ایسوسی ایشن آف ہوٹلز اینڈ ریسٹورنٹس (آہار) کے مطابق ممبئی کے تقریباً 10 سے 20 فیصد ہوٹل پہلے ہی بند ہو چکے ہیں اور اگر گیس کی قلت اگلے 3 دنوں تک جاری رہی تو ممبئی کے تقریباً 50 فیصد ہوٹل بند ہو سکتے ہیں۔شہر کے ڈونگری علاقے میں کئی ہوٹلوں کے شٹر گرچکے ہیں۔ یہاں کے ایک ہوٹل مالک نے بتایا کہ ان کے پاس آخری سلنڈر میں بھی تھوڑی ہی گیس بچی ہے۔ جس کے ختم ہوتے ہی ہوٹل کو بند کرنا پڑے گا۔صرف ممبئی ہی نہیں بلکہ گزشتہ دو دنوں سے ملک کے کئی بڑے شہروں میں کمرشل ایل پی جی سلنڈروں کی کمی پیدا ہو گئی ہے۔دہلی اور بنگلورو میں بھی کچھ ہوٹلوں کو کھانا پکانے کے گیس کی عدم دستیابی کی وجہ سے عارضی طور پر بند کیا جا رہا ہے۔ ہوٹل مالکان کا کہنا ہے کہ سلنڈروں کی کمی کی وجہ سے ان کے کاروبار کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ دوسری طرف کچھ علاقوں میں بلیک مارکیٹ بھی بڑھ رہی ہے اور خبریں ہیں کہ ایک کمرشل سلنڈر کو دگنی قیمت پر فروخت کیا جا رہا ہے۔ان حالات کے پیش نظر بلیک مارکیٹ کو روکنے کے لیے مرکزی حکومت نے پہلے ہی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ ایل پی جی سلنڈروں کی بکنگ کے وقفے کو موجودہ 21 دن سے بڑھا کر 25 دن کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کمرشل سلنڈروں کی سپلائی کا جائزہ لینے کے لیے وزارتِ پٹرولیم نے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی ہے۔

غیر گھریلو صارفین کو ایل پی جی کیلئے ای میل آئی ڈی جاری
نئی دہلی، 10 مارچ (یو این آئی) تیل مارکیٹنگ کمپنیوں نے ہوٹلوں، ریسٹورنٹوں اور دیگر غیر گھریلو صارفین کیلئے رسوئی گیس (ایل پی جی) سلنڈر کی اپنی ضرورت حکومت کی تشکیل کردہ کمیٹی کے سامنے رکھنے کیلئے ای میل آئی ڈی جاری کر دی ہیں۔ ای میل آئی ڈی یوں ہیں:[email protected] ، [email protected] ،[email protected]۔ حکومت نے مغربی ایشیا میں جاری تنازعہ کے باعث سپلائی میں آئی کمی کو دیکھتے ہوئے ایل پی جی سلنڈروں کی فراہمی پر پابندی لگا دی ہے ۔ گھریلو صارفین کو ترجیحی بنیاد پر سلنڈر فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ غیر گھریلو صارفین میں اسپتالوں اور تعلیمی اداروں کو سپلائی جاری رکھی جائے گی۔ دیگر غیر گھریلو صارفین کی ضرورت پر غور کرنے کیلئے حکومت نے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ ملک کی سب سے بڑی تیل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل اور بھارت پیٹرولیم نے منگل کے روز سوشل میڈیا پوسٹوں میں بتایا کہ کمیٹی میں انڈین آئل کے کے ۔ شیلندر، بھارت پیٹرولیم کے ٹی۔ وی۔ پانڈیان اور ہندوستان پیٹرولیم کے دھرو کپل شامل ہیں۔