ہ63ہندوستانی امیروں کی مجموعی دولت بجٹ سے زیادہ

   

l ایک فیصد اُمراء کی دولت 953 ملین افراد سے چار گنازیادہ
l آمدنی اورجنس پر مبنی عدم مساوات اہم وجہ ۔ سروے میں انکشاف

ڈاؤس ۔20 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے ایک فیصد امیرترین افراد کے پاس جو دولت ہے وہ ملک کے 953 ملین افراد کی دولت سے چار گنا زیادہ ہے اور یہ ملک کی آبادی کا 70 فیصد ہے ۔ ہندوستان کے تمام امیر ترین افراد کی مجموعی دولت ایک سال کے مکمل بجٹ سے زیادہ ہے ، ایک نئے سروے میں اس بات کا انکشاف کیا گیا ۔ عالمی معاشی فورم کے 50 ویں سالانہ اجلاس سے قبل رائٹس گروپ Oxfam نے آج ’’ٹائم ٹو کیئر‘‘ سروے رپورٹ جاری کی ۔ سروے میں بتایا گیا کہ دنیا کے 2153 دولت مند ترین افراد کے پاس 4.6 بلین افراد کی دولت سے زیادہ دولت ہے جو کرۂ ارض کی 60فیصد آبادی پر مشتمل ہے ۔ سروے میں عالمی سطح پر عدم مساوات پر حیرت کا اظہار کیا گیا ہے اور بتایا گیا کہ گزشتہ دہے میں بلینیر افراد کی تعداد دوگنا ہوگئی ہے جبکہ ان کی مجموعی دولت میں گزشتہ سال کمی آئی ہے ۔ عدم مساوات پر مبنی پالیسیوں پر غور کئے بغیر امیر اور غریب کے درمیان فرق کے مسئلہ کو حل نہیں کیا جاسکتا۔ آکس فم انڈیا کے سی ای او امیتابھ بہر نے بتایا کہ چند ہی ایسی حکومتیں ہیں جو اس کیلئے پابند عہد ہیں۔ امیتابھ بہر اس سال اوکس فیم کانفڈریشن کی نمائندگی کے لئے یہاں موجود ہیں۔ عالمی معاشی فورم کے پیر سے شروع ہونے والے پانچ روزہ اجلاس میں آمدنی اور جنسی عدم مساوات کے مسائل واضح طورپر زیربحث آنے کی اُمید ہے ۔ ورلڈ امکناک فورم کی سالانہ گلوبل ریسکس رپورٹ میں بھی یہ وارننگ دی گئی تھی کہ 2019 ء میں میکرو اکنامک کے جلد ٹوٹنے کی صلاحیت اور مالی عدم مساوات میں شدت برقرار رہے گی جو عالمی معیشت پر انحطاط کے دباؤ کا نتیجہ ہے ۔ تقریباً ہر براعظم میں موجودہ سماجی بے چینی کی وجہ عدم مساوات ہے جس پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے ۔ اگرچہ اس کی مختلف وجوہات ہیں جیسے کرپشن ، دستوری خلاف ورزیاں یا بنیادی اشیاء اور خدمات کی قیمتوں میں اضافہ وغیرہ ۔ اگرچہ گزشتہ تین دہائیوں میں عالمی عدم مساوات میں کمی آئی ہے لیکن کئی ممالک خاص طورپر ترقی یافتہ معیشتوں میں اندرون ملک آمدنی میں عدم مساوات میں اضافہ ہوا ہے ۔ بعض ملکوں میں یہ تاریخی بلندی تک پہنچ گئی ۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ جنس پر مبنی معیشتیں دولت مندوں کو زیادہ دولت جمع کرنے کا موقع فراہم کرتے ہوئے عدم مساوات کے بحران میں اضافہ کررہی ہیں اور یہ عام آدمی خاص طورپر غریب خواتین اور لڑکیوں کی قیمت پر کیا جارہا ہے۔ ہندوستان سے متعلق اوکس فیم نے کہاکہ ہندوستان کے 63 امیرترین افراد کی مجموعی دولت 2018-19 ء کے مالی سال کیلئے مرکزی بجٹ 24,42,200 کروڑ روپئے سے زیادہ ہے ۔