گورداسپور ۔ پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کی طرف سے پنجاب کے بین الاقوامی سرحدی علاقے میں ریت اور بجری کی کانکنی پر پابندی کے باوجود راوی دریا میں کان کنی مافیا کی طرف سے غیر قانونی کانکنی جاری ہے ۔ بارڈر سیکوریٹی فورس (بی ایس ایف) کے اہلکاروں نے پیر کی رات ہندوستان۔پاکستان سرحد پر ریت سے بھرے ٹرک کو پکڑا جبکہ ٹرک میں سوار دو ملزمان بارڈر سیکیورٹی فورس کی گاڑی کو ٹکر مارکر اپنا ٹرک چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ بی ایس ایف گورداسپور سیکٹر کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پربھاکر جوشی نے منگل کو بتایا کہ رات 12 بجے کے قریب بارڈر سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے دھرم کوٹ کے نزدیک ناکہ بندی کر رکھی تھی جب انہوں نے ایک ٹرک کو قریب آتے دیکھ کر رکنے کا اشارہ کیا تو اس میں سوار دو نوجوان بی ایس ایف کے ٹرک کو ٹکر مارنے کے بعد اپنا ٹرک موقع پر چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔ فوجیوں نے ٹرک کو چیک کیا تو ٹرک میں ریت ملی۔ جوشی نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس کو مطلع کر دیا گیا ہے ۔ ریت سے بھرے ٹرک کی گرفتاری سے ثابت ہوتا ہے کہ ریت مافیا کی جانب سے غیر قانونی مائننگ جاری ہے ۔