ہاتھی نے گھر میں گھس کر تین افراد کو روند ڈالا

   

Ferty9 Clinic

رانچی۔ 6 جنوری (ایجنسیز)جھارکھنڈ کے مغربی سنگھ بھوم ضلع میں جنگلی ہاتھی کے ایک دل دہلا دینے والے حملے میں ایک شخص اور اس کی دو کمسن بیٹیاں موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں، جبکہ ایک بیٹی شدید زخمی ہو گئی۔ یہ المناک واقعہ پیر کی رات گوئل کیرا بلاک کے جنگلاتی علاقے میں پیش آیا۔ متاثرہ خاندان لکڑی کی ایک جھونپڑی میں رہائش پذیر تھا کہ رات گئے جنگل سے نکلنے والے ایک جنگلی ہاتھی نے اچانک جھونپڑی پر حملہ کر دیا۔ ہاتھی نے جھونپڑی کو تہس نہس کر دیا اور اندر موجود افراد کو کچل ڈالا، جس کے نتیجے میں باپ اور اس کی دو بیٹیاں جانبر نہ ہو سکیں۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت کنڑا بہنڈہ، کوڈاما بہنڈہ اور سمو بہنڈہ کے طور پر ہوئی ہے۔ اس ہولناک حملے میں خاندان کی ایک اور بیٹی شدید زخمی ہو گئی، جسے فوری طور پر ابتدائی طبی امداد کے لیے گوئل کیرا منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں تشویشناک حالت کے باعث اسے بہتر علاج کے لیے رورکیلا کے ایک اسپتال ریفر کر دیا گیا، جہاں وہ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہے۔ محکمہ جنگلات کے رینجر نندرام کے مطابق واقعہ کے وقت بچوں کی والدہ بھی جھونپڑی میں موجود تھیں، جو خوش قسمتی سے محفوظ رہیں، تاہم انہوں نے اپنے شوہر اور بیٹیوں کو اپنی آنکھوں کے سامنے دم توڑتے دیکھا۔