جش پور : چھتیس گڑھ کے جش پور ضلع کے فرسابہار ڈیولپمنٹ بلاک کے گرام پنچایت ڈومریا میں پری میٹرک ہاسٹل کے سپرنٹنڈنٹ نے شراب پی کر کافی ہنگامہ کیا۔سپرنٹنڈنٹ نرسنگھ ملارج نے ہفتہ کی رات کھانا کھارہے بچوں کو گالیاں دیں اور مارپیٹ کرتے ہوئے رات میں ہاسٹل سے باہر نکال دیا۔ ہاسٹل میں زیر تعلیم 10 سے 12 سال کے بچے رات کی تاریکی میں روتے ہوئے پیدل اپنے اپنے گھروں کو چلے گئے ۔ کچھ بچوں کے والدین اور گاؤں والوں نے جمع ہو کر اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے قانونی کارروائی کے ساتھ ایسا کرنے والے سپرنٹنڈنٹ کے خلاف زبردست ہنگامہ کیا۔تاہم جب سپرنٹنڈنٹ سے اس کے بارے میں بات کی تو اس نے شراب پینے اوراپنی بات نہ ماننے پربچوں کی پٹائی کرکے رات کی تاریکی میں باہر بھگانے کی بات قبول کی۔ اس سے پہلے بھی ہاسٹل سپرنٹنڈنٹ ملارج کے خلاف اس طرح کی شکایات موصول ہو چکی ہیں۔