ہانگ کانگ میں میڈیا ٹائیکون جمی لائے گرفتار

,

   

ہانگ کانگ: ہانگ کانگ کی پولیس نے میڈیا ٹائیکون جمی لائے سمیت سات افراد کو نئے سیکیورٹی قانون کے تحت گرفتار کر لیا ہے۔پولیس نے پیر کو جمی لائے کے میڈیا گروپ ‘نیکسٹ ڈیجیٹل’ کے صدر دفتر کا محاصرہ کیا اور عمارت میں داخل ہو کر نیوز روم کی تلاشی لی۔ اس موقع پر پولیس اور سیکیورٹی کے عملے کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔اس سے قبل پولیس اہلکار جمی لائے کی رہائش گاہ پہنچے جہاں مکان کی تلاشی لینے کے بعد اہلکاروں نے انہیں گرفتار کر لیا۔ہانگ کانگ میں چین کی جانب سے 30 جون کو نافذ کردہ سیکیورٹی قانون کے تحت چین کے زیرِ انتظام اس نیم خود مختار علاقے میں کسی نمایاں شخصیت کو حراست میں لیے جانے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ پولیس نے کہا ہے کہ 39 سے 72 برس کے سات افراد کو سیکیورٹی قوانین کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا ہے۔ تاہم پولیس نے گرفتار افراد کے نام ظاہر نہیں کیے ہیں۔متنازع سیکیورٹی قانون کے تحت جمی لائے کی گرفتاری ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب گزشتہ ہفتے ہی امریکہ نے ہانگ کانگ اور چین کے حکام پر پابندیوں کا اعلان کیا تھا۔جمی لائے کے میڈیا گروپ ‘نیکسٹ ڈیجیٹل’ کے ایگزیکٹو مارک سمن نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ پولیس نے جمی لائے اور ان کے بیٹے کے گھر کی تلاشی لی۔ ان کے بقول پولیس نے ‘نیکسٹ ڈیجیٹل’ کے عملے کے کئی ارکان کو بھی حراست میں لیا ہے۔