ہبلی عیدگاہ میدان میں گنیش اْتسو تقریب سے ساورکر کی تصویر ہٹا دی گئی

   

بنگلورو:کرناٹک کے ہبلی میں واقع عیدگاہ میدان میں گنیش چترتھی کا جشن منایا جا رہا ہے۔ اس تقریب میں ساورکر کی تصویر والے کئی بینر لگے ہوئے تھے، جنھیں ہٹا دیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ گنیش چترتھی جشن کے دوران عہدیداروں نے کل تقریب کا جائزہ لیا اور دیر شام اسٹیج پر لگے ویر ساورکر اور بال گنگا دھر تلک کی تصویروں کو ہٹا دیا گیا۔ ساورکر کی تصویر کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ گنیش جی کی مورتی کے بغل میں رکھی ہوئی تھی، اور بال گنگا دھر تلک کی تصویر اسٹیج پر لگے بینر میں چھپی تھی۔افسران کا کہنا ہے کہ ساورکر اور بال گنگا دھر تلک کی تصویروں والے بینر اس لیے ہٹا دیئے گئے کیونکہ پروگرام منعقد کرنے کی اجازت جن شرطوں پر دی گئی تھی، وہ اس کے خلاف تھا۔ حالانکہ عیدگاہ میدان میں رانی چینما میدان گجانن اْتسو مہامنڈل پروگرام کے صدر دروازے کے باہر وہ بینر لگائے گئے تھے جس میں ویر ساورکر کی تصویر تھی۔مرکزی وزیر پرہلاد جوشی نے کل اس سلسلے میں کہا کہ ساورکر کی تصویر کو بیک گراؤنڈ کے طور پر رکھا گیا تھا۔ جوشی نے کہا کہ ’’آرگنائزرس کا ماننا ہے کہ ساورکر ایک عظیم محب وطن ہیں اس لیے ان کی تصویر لگائی گئی تھی۔ اس میں غلط کیا ہے۔‘‘ پرہلاد جوشی عیدگاہ میدان میں منعقد گنیش اْتسو کی مہا آرتی میں شامل ہونے کے بعد میڈیا اہلکاروں سے بات کر رہے تھے۔