مکہ مکرمہ ۔ 26 جون (ایجنسیز) نئے ہجری سال کے آغاز پر غلاف کعبہ تبدیل کردیا گیا۔ کسوہ کی تبدیلی کا کام چہارشنبہ کو بعد نماز عصر شروع کیا گیا جو جمعرات کی صبح مکمل ہوا۔ سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق کسوہ کعبہ مسجد الحرام کانوائے کی صورت میں منتقل کیا جاتا ہے۔نیا غلاف کعبہ چار برابر پٹیوں اور ستار الباب پر مشتمل ہے۔ کسوہ کے ہر ایک حصے کو علیحدہ علیحدہ کعبہ کے بالائی حصے پر لایا جاتا ہے جہاں سے پھر انہیں اتارا جاتا ہے اور پچھلا غلاف اتار لیا جاتا ہے۔یہ عمل چار مرتبہ باری باری دہرایا جاتا ہے جب تک کہ نیا غلاف چڑھا نہ دیا جائے اور پرانا اتر نہ جائے۔ سب سے پہلے خانہ کعبہ کے دروازے کا پردہ جس کی لمبائی 6.35 میٹر اور چوڑائی 3.33 میٹر ہے کو اتارا گیا۔کنگ عبدالعزیز کسوہ کامپلکس میں غلاف کعبہ کو تیار کیا جاتا ہے جس کے سات مراحل ہیں۔غلافِ کعبہ کی تیاری میں تقریبا 11 ماہ لگتے ہیں۔ غلاف کی تیاری کا پہلا مرحلہ پانی کی فلٹریشن ہوتی ہے جس میں دھاگوں کو دھویا جاتا ہے۔ خام ریشم کو اعلی معیار کے سیاہ رنگ سے رنگا جاتا ہے جس کے بعد اس کا کپڑا تیار ہوتا ہے۔غلاف کے کپڑے پر آیات کی گڑھائی کی جاتی ہے جس کیلئے خالص سونے اور چاندی کے دھاگے تیار کیے جاتے ہیں۔تیار ہونے والے دھاگوں کو متعلقہ معیار کے مطابق جانچنے کے بعد انہیں متعلقہ کڑھائی مرکز میں بھیجا جاتا ہے۔خانہ کعبہ کے غلاف کو مختلف مراحل میں تیار کرنے کے بعد اسے مخصوص غلافوں میں لپیٹ کر کامپلکس سے مسجد الحرام میں منتقل کرنے کیلئے خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں۔کسوہ کعبہ خالص ریشم کے 47 حصوں پر مشتمل ہے جس پر 24 قیراط سونے کے تاروں سے 68 آیات قرآنی درج ہیں۔ کسوہ کا مجموعی وزن 1415 کلو گرام ہے۔