۔49 ممتاز شہریوں کیخلاف ایف آئی آر درج کرنے کی مذمت : وزیراعظم کو تھرور کا مکتوب
تھرواننتاپورم ۔ 8 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سینئر لیڈر ششی تھرور نے وزیراعظم نریندر مودی کے موسومہ مکتوب میں ان 49 ممتاز شہریوں کے خلاف ایف آئی آر درج کئے جانے پر سخت احتجاج کیا ہے جنہوں نے ہجومی تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش ظاہرکی تھی۔ تھرواننتاپورم کے رکن لوک سبھا تھرو نے اپنے مکتوب مورخہ 7 اکٹوبر میں یہ بھی کہا کہ وزیراعظم پر تنقید کرنے والوں کو ملک دشمن نہیں سمجھا جانا چاہئے۔ تھرور نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ وہ ناراضگی کا خیرمقدم کرنے کیلئے اعلانیہ موقف اختیار کریں۔ علاوہ ازیں آپ یا آپ کی حکومت سے ناراضگی کے باوجود آزادی اظہارخیال کی برقراری کیلئے اپنے عزم و عہد کے بارے میں قوم کو دوبارہ یقین دلائیں۔ ششی تھرور نے کہا کہ ایک آزاد ملک کی حیثیت سے ہندوستان کی تاریخ صرف اس صورت میں ہی مختلف و جداگانہ ہوسکتی ہے جب تک وہ لوگ اپنی جرأتمندی کا مظاہرہ کریں جو برطانوی راج میں ناراضگی و ناخوش رہے تھے۔ تھرور نے کہا کہ ’’جولائی 2019ء میں آپ (مودی) کو مکتوب روانہ کرنے والے 49 فکرمند ہندوستانیوں کے خلاف مظفرپور اور بہار میں ایف آئی آر درج کئے جانے پر ہمیں گہری تشویش ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ’’ایف آئی آر کے خلاف ہمیں اپنا سخت احتجاج درج کروانا چاہتے ہیں‘‘۔ شہری تھرور نے کہا کہ فرقہ وارانہ نفرت ہوکہ بچوں کو چوری کرنے کی افواہوں کی بنیاد پر ہونے والی ہر قسم کا ہجومی تشدد ایک وباء ایک بیماری بن گئی ہے جو تیزی سے پھیل رہی ہے اور ان (49) شہریوں نے یہ بات آپ (مودی) کے علم میں لاتے ہوئے ایک صحیح کام کیا تھا۔
