ہجومی تشدد کے واقعات پر صدر بی ایس پی کو تشویش

   

لکھنو ۔ 28 اگسٹ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) صدر بی ایس پی مایاوتی نے سنگین تشویش ظاہر کرتے ہوئے چہارشنبہ کے دن کہا کہ اُترپردیش میں اب خواتین کو بھی بچوں کے سرقہ کے بہانے زدوکوب کے ذریعہ ہلاک کرنے کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹر پر تحریر کیا کہ اب ہجومی تشدد نے ایک نئی ہولناک نوعیت اختیار کرلی ہے ۔ بے قصور خواتین کو دہشت گردی اور زدوکوب کے ذریعہ ہلاک کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔ ریاستی حکومت کو چاہئے کہ ایسے غلط جذبات و احساسات کے اظہار کے خلاف سخت کارروائی کرے ۔ بی ایس پی کی صدر کا یہ ٹوئٹر پیغام ایک پچاس سالہ خاتون کی بچہ چوری کرنے کے الزام میں ہلاکت کا واقعہ شرنگار نگر میں پیش آیا ہے جس میں یہ خاتون ہلاک ہوگئی تھی ۔ واقعہ کا ویڈیو سماجی ذرائع ابلاغ پر وائرل ہوگیا جس میں اس خاتون کو مرد بے رحمی کے ساتھ زدوکوب کرتے دکھائے گئے ہیں۔ اس ویڈیو کی نمائش کے دو دن بعد صدر بی ایس پی مایاوتی نے اپنا ٹوئٹر بیان دیا ہے ۔