زائد آبادی والے علاقوں میں اضافی تحصیلدار، پداپلی میں ترقیاتی کاموں کا آغاز، وزراء کی شرکت
حیدرآباد۔ 11 جنوری (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ اندراماں ہاوزنگ اسکیم کے تحت ہر اسمبلی حلقہ میں 3500 مکانات منظور کئے جارہے ہیں۔ اسکیم پر حکومت 22500 کروڑ خرچ کررہی ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے پداپلی میں مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح انجام دیا۔ انہوں نے ترقیاتی اسکیمات کا سنگ بنیاد رکھا۔ ان کے ہمراہ وزراء ڈی سریدھر بابو، پی سرینواس ریڈی، کونڈا سریکھا، اے لکشمن و مقامی نمائندے موجود تھے۔ بھٹی وکرامارکا نے جلسہ سے خطاب میں کہا کہ مکانات کی تکمیل کے بلز مرحلہ وار جاری کئے جارہے ہیں۔ مجموعی طور پر ہر مکان کیلئے 5 لاکھ روپے جاری کئے جائیں گے۔ ہر ہفتہ بلز کی اجرائی عمل میں آئے گی تاکہ استفادہ کنندگان کو مکان کی تکمیل میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔ بھٹی وکرامارکا نے راماگنڈم کارپوریشن میں 175 کروڑ کی لاگت کے تعمیری کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے اندراماں ہاوزنگ کے منظوری لیٹرس خواتین کو حوالے کئے۔ وزیر مال سرینواس ریڈی نے کہا کہ زائد آبادی والے شہروں میں جلد زائد ایم آر اوز الاٹ کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں دیڑھ لاکھ سے دو لاکھ آبادی کے ٹاؤنس موجود ہیں۔ ایسے علاقوں میں ایک تحصیلدار ناکافی ہو رہا ہے لہذا حکومت نے زائد تحصیلدار الاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ کابینی اجلاس میں اس پر فیصلہ کیا جائے گا۔ مجالس مقامی انتخابات میں کانگریس کی کامیابی کا دعویٰ کرکے سرینواس ریڈی نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی سے عوام کے اطمینان کا اظہار کنٹونمنٹ، جوبلی ہلز ضمنی چناؤ اور پنچایت چناؤ میں کانگریس کی کامیابی سے ہوتا ہے۔ سرینواس ریڈی نے بی آر ایس لیڈر کے ٹی آر کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ جوبلی ہلز اور پنچایت چناؤ میں شکست کے باوجود بی آر ایس قائدین کے غرور میں کمی نہیں آئی ۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں غریبوں کو مکانات اور راشن کارڈس جاری نہیں کئے گئے۔ وزیر آئی ٹی سریدھر بابو نے الزام عائد کیا کہ اسمبلی سیشن کا بائیکاٹ کرنے والے بی آر ایس قائدین اسمبلی کے باہر حکومت پر الزام تراشی میں مصروف ہیں۔ 1
