ہر مستحق تک فلاحی اسکیمات کے ثمرات پہنچانے کی تاکید

   

نلگنڈہ میں بلدی اداروں کے عوامی نمائندوں کے تربیتی اجلاس سے ریاستی وزیر وینکٹ ریڈی کا خطاب
نلگنڈہ۔ 13 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع نلگنڈہ میں ریاستی حکومت کے 99 روزہ ایکشن پلان کے تحت پبلک گورننس پروگریس پلان کے سلسلہ میں ضلع پریشد کانفرنس ہال میں شہری بلدیاتی اداروں کے عوامی نمائندوں کے لئے ایک تربیتی و بیداری پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام میں ریاستی وزیر برائے عمارت و شوارع سنیماٹوگرافی کومٹ وینکٹ ریڈی نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔پروگرام کا آغاز وزیر نلگنڈہ میونسپل کارپوریشن میئر بوری چیتنیہ سرینواس ریڈی اور ضلع کلکٹر بی چندر شیکھر کے ہمراہ روایتی چراغ روشن کر کے کیا۔ اس موقع پر میونسپل میئرڈپٹی میئر چیئرپرسنز، وائس چیئر پر سنس اور دیگر عوامی نمائندے بھی موجود تھے۔اس تقریب کو مخاطب کرتے ہوئے ریاستی وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ عوامی نمائندوں کی کامیابی کا اصل راز عوام سے قریبی روابط اور خدمت کے جذبے میں پوشیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں اور فلاحی اسکیموں کے ساتھ ساتھ عوام کے ساتھ ہم آہنگی برقرار رکھنا بھی نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کارپو ریٹر وں اور کونسلروں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے عہدوں کو محض حیثیت یا وقار کا نشان نہ سمجھیں بلکہ اسے ایک بڑی ذمہ داری تصور کرتے ہوئے عوام کی خدمت میں خود کو وقف کریں۔ وزیر نے متنبہ کیا کہ غرور اور تکبر سے کام لینے والے عوامی نمائندوں کو عوام آئندہ انتخابات میں مسترد کر دیتے ہیں۔ریاستی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ انتخابات کے بعد تمام علاقوں کی ترقی بلا تفریق ہونی چاہیے اور ہر مستحق تک سرکاری فلاحی اسکیموں کے فوائد پہنچنے چاہئیں۔ ریاستی وزیر نے گزشتہ دنوں میں پیش آنے والے سڑک حادثات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہیلمٹ نہ پہننے کے سبب کئی نوجوان اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ انہوں نے پولیس حکام کو ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ حفاظتی تدابیر اختیار کریں تاکہ ضلع کو حادثات سے پاک بنایا جا سکے۔ اس پروگرام میں عوامی نمائندوں کو سرکاری فلاحی اسکیموں کے مؤثر نفاذ اور عوام تک ان کے فوائد پہنچانے کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیلی رہنمائی فراہم کی گئی۔