ہر گھر میں نل کنکشن کیلئے ٹھوس اقدامات

   

سربراہی سے متعلق جائزہ اجلاس ، ضلع کلکٹر کا خطاب
میدک ۔ میدک کے رامائم پیٹ بلدیہ میں خصوصی اجلاس صدر نشین بلدیہ جتیندرریڈی کی صدارت میں مشن بھگیرتا کے تحت پانی کی سربراہی سے متعلق منعقد ہوا ۔ وینکٹ رام ریڈی ایم ایل اے میدک ایم پدما دیویندر ریڈی نے بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کی ۔ کلکٹر وینکٹ رام ریڈی نے کہا کہ مشن بھگیرتا کے کام تیزی سے جاری ہے ۔ توقع ہے کہ 25 فروری تک پورے بلدی حلقوں میں پینے کے پانی کی سربراہی یقینی ہے ۔ ہر گھر میں اور جدید آبادیوں میں بھی نل کنکشن دینے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ رامائم پیٹ بلدی حدود کے 12 وارڈس میں 5168 مکانات واقع ہیں ۔ پانی کی سربراہی کو یقینی بنانے کیلئے ٹاون کے 12 وارڈس میں منتخب کونسلرس کے ساتھ 12 ملازمین سرکار کو متعین کیا گیا ہے ۔ جو متعلقہ کونسلر کے ساتھ شرکت کرتے ہوئے کاموں کو عملی جامہ پہنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تاحال 38 کیلومیٹر پائپ لائینوں کی تنصیب عمل میں آچکی ہے ۔ رامائم پیٹ ٹاون کے حدود میں واقع ہر گھر کو نل کنکشن دئے جائیں گے اور ہر گھر کو خاطر خواہ پانی کی سربراہی کیلئے ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے ۔ اجلاس میں آر ڈی او سائی رام بلدیہ کمشنر شیکھر ریڈی ، سپرنٹنڈنگ انجینئیر مشن بھگیرتا مسٹر راگھوویر ، ایگزیکیٹیو انجینئیر کملاکر ، ڈپٹی ای ای سرینواس اسسٹنٹ انجینئیر بھکشاپتی کے علاوہ بلدی کونسلرس بھی موجود تھے ۔