ہر گھر کو فائبر آپٹک سے انٹرنیٹ کی فراہمی پراجکٹ کو منظوری

   

حکومت تلنگانہ کی جانب سے 2500 کروڑ کا پراجکٹ 2 سال کے اندر مکمل کرلیا جائے گا
حیدرآباد۔24ستمبر(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے معلنہ ہر گھر کو فائبر آپٹک کے ذریعہ انٹرنیٹ کی فراہمی کے پراجکٹ کو محکمہ مواصلات کی منظوری حاصل ہوچکی ہے۔محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے ذرائع کے مطابق ریاست تلنگانہ میں 1000 تا2500 کروڑ کی لاگت سے تیار کئے جانے والے اس پراجکٹ میں 1تہائی حصہ ایل اینڈ ٹی کی جانب سے مکمل کیاجائے گا اور ریاست میںکے تمام منڈلوں اور اضلاع میں مشن بھگیرتا کے ساتھ زیر زمین کاموں کو مکمل کرتے ہوئے فائبر آپٹک کی تنصیب عمل میںلائی جائے گی۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں فائبر آپٹک کے ذریعہ انٹرنیٹ کنکشن کی فراہمی اور ڈیجیٹل تلنگانہ کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے تیار کردہ منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کیلئے کئے جانے والے اقدامات دراصل مرکزی محکمہ مواصلات کی اجازت کے منتظر تھے اور اب جبکہ اجازت حاصل ہوچکی ہے تو اس پراجکٹ کو اندرون دو برس مکمل کرنے کی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔عہدیداروں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے اسمارٹ ورلڈ اینڈ کمیونیکیشن‘ پاؤر ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹریبیوشنکے علاوہ ایل اینڈ ٹی کمپنی کی جانب سے مشترکہ طور پر اس پراجکٹ کو مکمل کرنے کی منصوبہ بندی کی جائے گی ۔ حکومت نے ریاست بھر میں زیر زمین کیبل کی تنصیب کے ذریعہ تمام مکانات کو انٹرنیٹ کنکشن کی فراہمی کے علاوہ تیز رفتار سہولتوں کی فراہمی کے لئے یہ منصوبہ تیار کیا ہے اور اس منصوبہ پر عمل آوری کیلئے حکومت کی جانب سے مشن بھگیریتا کی پائپ لائن سے متصل کیبل کی تنصیب عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ زیر زمین کیبل کی تنصیب کی نشاندہی بھی ممکن ہوسکے۔مرکزی محکمہ مواصلات کی جانب سے اجاز تکے حصول کے فوری بعد اس پراجکٹ پر کاموں کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کہاجا رہاہے کہ جلد ہی حکومت کے محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کی جانب سے اس پراجکٹ کے ذریعہ ترجیحی علاقوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کاموں کو مکمل کرنے کا عمل شروع کردیا جائے گا۔ایل اینڈ ٹی کا کہناہے ان کی کمپنی نے اس سلسلہ میں سروے مکمل کرلیا ہے اور جلد ہی ہائی اسپیڈ فائبر آپٹک انٹرنیٹ خدمات کے آغاز کے سلسلہ میں کیبل کی تنصیب کا عمل شروع کردیا جائے گا۔بتایاجاتا ہے کہ حکومت کی جانب سے مشن بھگیریتا کے تحت جو 65ہزار کیلو میٹر طویل پینے کے پانی کی پائپ لائن کی تنصب عمل میں لائی گئی ہے اتنے ہی طویل کیبل کی تنصیب کا عمل شروع کردیا جائے گا۔