ہر ہندوستانی کو ابھینندن پر فخر ‘ اپوزیشن کو مسلح افواج پر شکوک و شبہات

,

   

مخالفین کے بیانات پاکستان کیلئے معاون ۔ 1.1 کروڑ کسانوں کو کسان اسکیم کی رقم مل گئی، وزیر اعظم مودی کا خطاب
کنیا کماری ( ٹاملناڈو ) ۔ یکم مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ونگ کمانڈر ابھینندن ورتمان کی ستائش کی اور کہا کہ ہر ہندوستانی کو ان پر فخر ہے ۔ انہوں نے مسلح افواج پر شکوک کا اظہار کرنے پر سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ایسے شکوک سے پاکستان کی مدد ہوتی ہے ۔ مودی نے سابقہ کانگریس زیر قیادت یو پی اے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس نے 2008 کے ممبئی حملوں کے بعد سرجیکل حملوں کی راہ میں رکاوٹ پیدا کی تھی ۔ یہاں کئی پراجیکٹس کا آعاز کرتے ہوئے اور کچھ دوسرے پراجیکٹس کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے مودی نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ ہندوستان کی پہلی خاتون وزیر دفاع کا تعلق ٹاملناڈو سے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دو دن کے دوران جو واقعات پیش آئے ہیں انہوں نے ایک بار پھر ملک کی مسلح افواج کی طاقت کا مظاہر کردیا ہے ۔ وزیر اعظم در اصل پاکستان میں کئے گئے سرجیکل حملوں اور وہاں ایک انڈین ائر فورس طیارہ کو گرائے جانے کا حوالہ دے رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ان تبدیلیوں نے قوم کو قریب کردیا ہے ۔ وہ ابھینندن کو ملنے والی عوامی تائید کا حوالہ دے رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جب ساری قوم ملک کی مسلح افواج کی تائید کر رہی ہیں وہیں اپوزیشن جماعتیں شکوک کا اظہار کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہی لوگ ہیں جن کے بیانات پاکستان کی مدد کر رہے ہیں اور ہندوستان کو نقصان پہونچا رہے ہیں۔ یہ وہی لوگ ہیں جن کے بیانات کو پاکستان کی پارلیمنٹ میں حوالہ کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے اور ریڈیو پاکستان پر یہ بیانات چلائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان جماعتوں کو واضح کرنا چاہئے کہ آیا وہ ہماری مسلح افواج میں یقین رکھتے ہیں یا پھر ان طاقتوںم یں یقین رکھتے ہیں جو دہشت گردی کی تائید و حمایت کر رہی ہیں۔ نریندر مودی نے آج کانگریس کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اس ملک کے عوام موروثیت کو نہیں بلکہ ایمانداری کو پسند کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زائد از 1.1 کروڑ کسانوں کو پردھان منتری کسان سمان ندھی یوجنا کی پہلی قسط کے 2000 روپئے مل چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1.1 کروڑ کسانوں کو پہلی قسط ان کے بینک اکاونٹس میں مل چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آپ تصور کرسکتے ہیں کہ جس اسکیم کا یکم فبروری کو اعلان ہوا تھاوہ اب حقیقت بن چکی ہے اور صرف ایک ماہ میں یہ کام ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2014 میں تقریبا 30 سال بعد ان کی پارٹی کو مکمل اکثریت پارلیمنٹ میں حاصل ہوئی تھی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بی جے پی کو ووٹ دے کر عوام نے واضح کردیا کہ وہ موروثیت نہیں بلکہ ایمانداری چاہتے ہیں۔ عوام چاہتے ہیںکہ ترقی ہو ۔ پیشرفت ہو پالیسی سازی میں رکاوٹیں نہ ہوں۔ عوام مواقع چاہتے ہیں اور وہ سکیوریٹی چاہتے ہیں۔ وہ اجتماعی ترقی چاہتے ہیں ووٹ بینک کی سیاست نہیں ۔ انہوں نے تیجاس ایکسپریس کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ جھنڈی دکھاکر روانہ بھی کیا ۔