چنڈی گڑھ : پانچ سال بعد ووٹ دے کر اپنی حکومت منتخب کرنے جس لمحے کا انتظارہریانہ کے لوگ کر رہے تھے ، وہ وقت آ پہنچا ہے اور ہفتہ کو اسمبلی انتخابات کیلئے ووٹنگ ہے جس میں1031 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ہو گا ۔ ہریانہ کے چیف الیکٹورل آفیسر پنکج اگروال کے مطابق کل 20354350 رائے دہندے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر سکیں گے ۔ ریاست کے تمام 90 اسمبلی حلقوں میں کل 1031 امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں اور ووٹنگ کیلئے 20632 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔ ووٹنگ صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک ہوگی۔ مسٹر اگروال نے کہا کہ 20354350 رائے دہندوں میں 10775957 مرد ، 9577926 خواتین اور 467 تیسری صنف کے ووٹر ہیں ۔ 18 سے 19 سال کی عمر کے 524514 نوجوان ووٹر ہیں۔ اسی طرح 149142 معذور ووٹرز ہیں۔ جن میں 93545 مرد، 55591 خواتین اور چھ تیسری صنف کے ووٹرز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 85 سال سے زیادہ عمر کے 231093 ووٹرز ہیں۔ جن میں سے 89940 مرد و 141153 خواتین ووٹرز ہیں۔ مزید برآں، 100 سال سے زیادہ عمر کے ووٹرز کی تعداد 8821 ہے جن میں 3283 مرد و 5538 خواتین ووٹرز ہیں۔ اس کے علاوہ، 109217 سروس ووٹرز ہیں۔ جن میں سے 104426 مرد اور 4791 خواتین ووٹرز ہیں۔امیدواروں میں 930 مرد اور 101 خواتین امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ کل 1031 امیدواروں میں 464 آزاد امیدوار ہیں ۔کہا گیا کہ حکام کی جانب سے پولنگ کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ رائے دہی کو پرامن اور آزادانہ و منصفانہ بنانے کیلئے سکیوریٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ اضافی فورسیس کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔