آج سے تعلیمی اداروں کی کشادگی کے پیش نظر تمام احتیاطی اقدامات کرنے کی پرنسپل کو ہدایت
حیدرآباد ۔31 اگست (سیاست نیوز) ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے یکم ستمبر سے تعلیمی اداروں کی کشادگی کا جائزہ لینے کے لئے ضلع سدی پیٹ کے نگنورمنڈل میں واقع ایک گورنمنٹ پرائمری اسکول کا اچانک دورہ کیا۔ وقت پر ٹیچرس کے اسکول نہ پہنچنے پربرہمی کا اظہار کیا۔ اسکول کی صفائی اور بنیادی سہولتوں کا معائنہ کیا اور تمام احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے اسکولس میں طلبہ کے درمیانی فاصلاتی دوری برقرار رکھنے، طلبہ کو لازمی طور پر ماسک لگانے اور ہاتھوں کی مسلسل صفائی کو یقینی بنانے کے لئے خصوصی اقدامات کرنے کی ہیڈ ماسٹر اور ٹیچرس کو ہدایت دی۔ ہریش راؤ نے اسکول میں ٹیچرس اور طلبہ کی تعداد کے بارے میں ہیڈماسٹر نریجا سے تفصیلات حاصل کی۔ اسکول کے احاطہ میں صاف صفائی کا خاص خیال رکھنے کا مشورہ دیا۔ کووڈ ۔ 19 کے رہنمایانہ خطوط پر سختی سے عمل آوری کرنے کی ہدایت دی۔ ریاستی وزیر فینانس نے اسکول کے بیت الخلاؤں کی صفائی کا معائنہ کیا۔ کورونا بحران کے پیش نظر بغیر کسی تحفظ کے تمام احتیاطی اقدامات کرنے پر زور دیا۔ اس موقع پر ٹی آر ایس کے مقامی عوامی منتخب نمائندے بھی موجود تھے۔ N