ہریش راؤ نے سیکیورٹی کے بغیر اشوک نگر پہنچنے کا چیف منسٹر کو چیلنج

   

بیروزگاری باقی کارڈ کی اجرائی، بیروزگار نوجوانوں کا جذبات سے کھلواڑ کرنے کا الزام
حیدرآباد : 24 اکٹوبر ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے رکن اسمبلی سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو پولیس سیکیورٹی کے بغیر ایک مرتبہ اشوک نگر اور چکڑ پلی لائبریری کا دورہ کرنے کا چیلنج کیا ۔ کانگریس بیروزگاری باقی کارڈ کی رسم اجرائی سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ اسمبلی انتخابات سے قبل کانگریس پارٹی کے انتخابی منشور کے ذریعہ بیروزگار نوجوانوں کو سالانہ 2لاکھ ملازمتیں دینے ، ملازمتیں حاصل ہونے تک ماہانہ 4 ہزار روپئے بیروزگاری بھتہ جاری کرنے ، ہر سال ملازمتوں کی فراہمی کیلئے جاب کیلنڈر جاری کرنے کا وعدہ کیا گیا ۔ حکومت کا جاری کردہ جاب کیلنڈر ’ جاب لیس کیلنڈر ‘ میں تبدیل ہوگیا ۔ 2لاکھ ملازمتوں کا وعدہ کیا گیا ابھی تک کوئی نیا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا ۔ میگا ڈی ایس سی کے وعدے کو پورا نہیں کیا گیا ، راجیو یووا وکاسم کے وعدے سے انحراف کیا گیا ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا ۔ تمام وعدے بوگس ثابت ہوئے ہیں ۔ سماج کے تمام طبقات کو دھوکہ دینے والے چیف منسٹر کو سبق سکھانے کا وقت آگیا ہے ۔ چند بیروزگار نوجوانوں نے بھی پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے ۔ اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے ضمنی انتخاب میں کانگریس پارٹی کو شکست دینے پر ہی حکومت نیند سے بیدار ہوگی ۔ راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کے ذریعہ بیروزگاری ڈیکلریشن جاری کرایا گیا، عوام نے بھروسہ کیا ، چیف منسٹر نے ان وعدوں کو پورا نہیں کیا ۔ لہذا وہ بیروزگار نوجوانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ جوبلی ہلز میں کانگریس کو شکست دینے کیلئے متحد ہوکر کام کریں اور اپنی طاقت سے چیف منسٹر کو واقف کرائیں۔ انہوں نے ریونت ریڈی کے خلاف طنزیہ ریمارکس کرتے ہوئے کہا کہ غیر تعلیم یافتہ شخص ریاست کا چیف منسٹر بن بیٹھا ہے ۔ 2