ہریش راؤ کا جذبہ انسانی ہمدردی، حادثہ کے زخمیوں کو ہاسپٹل منتقل کیا

   

سداسیو پیٹ میں لاری کے الٹ جانے سے دو کاروں کو نقصان

حیدرآباد۔ 4 مئی (سیاست نیوز) سابق وزیر اور سدی پیٹ کے رکن اسمبلی ہریش راؤ نے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سڑک حادثہ میں زخمیوں کو ہاسپٹل پہنچانے کا انتظام کیا۔ ہریش راؤ ظہیرآباد میں پارٹی اجلاس میں شرکت کے لئے جارہے تھے کہ سداشیو پیٹ منڈل میں پدا پور موضع کے قریب ممبئی قومی شاہراہ پر لاری کے الٹ جانے سے دو کاروں کو نقصان پہنچا۔ اس واقعہ میں کاروں میں سوار افراد زخمی ہوگئے۔ حادثہ کے بعد مقامی افراد جمع ہوگئے اور زخمیوں کو ہاسپٹل پہنچانے کی مساعی شروع کی گئی۔ اسی مرحلہ پر ہریش راؤ وہاں سے گذرے اور انہوں نے حادثہ کو دیکھ کر اپنے قافلہ کو روک دیا۔ انہوں نے پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں سے ربط قائم کیا اور مقامی افراد کی مدد سے زخمیوں کو باہر نکالا۔ ہریش راؤ کے سیکوریٹی اسٹاف اور بی آر ایس کے کارکنوں نے بھی زخمیوں کی مدد کی۔ ہریش راؤ نے زخمیوں کو اپنی گاڑی میں قریبی ہاسپٹل منتقل کیا۔ ضلع کلکٹر اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے حادثہ کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کلکٹر سے خواہش کی ہے کہ زخمیوں کے موثر علاج کے اقدامات کئے جائیں۔ مقامی افراد اور زخمیوں نے ہریش راؤ سے اظہار تشکر کیا۔ سابق میں بھی ہریش راؤ سڑک پر حادثات کی صورت میں متاثرین کی مدد کرچکے ہیں۔ آج کے واقعہ کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا میں تیزی سے وائرل ہوگئیں۔ 1