ہریش راو نے اردن میں پھنسے 12 مزدوروں کو تلنگانہ واپس لانے کی راہ ہموار کی

   

ریاستی و مرکزی حکومتوں سے تبادلہ خیال اور تمام اخراجات برداشت کئے
حیدرآباد ۔ 16 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) سابق وزیر بی آر ایس رکن اسمبلی ہریش راؤ کی کوششوں سے اردن میں پھنسے ہوئے 12 گلف مزدوروں کو اندرون ایک ہفتہ تلنگانہ پہنچ جائیں گے۔ روزگار کی تلاش میں اپنے ارکان خاندان کی کفالت کیلئے جارڈن پہنچ کر پھنس جانے والے 12 مزدور نے مدد کیلئے ہریش راؤ سے اپیل کی تھی جس پر ہریش راؤ نے مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہیں واپس لانے کے اقدامات کئے۔ مزدوروں سے واٹس ایپ پیام وصول ہونے کے بعد ہریش راؤ نے ان سے ٹیلیفون پر بات چیت کی اور انہیں یقین دلایا کہ وہ پریشان نہ ہوں ، وہ بہت جلد تلنگانہ واپس آجائیں گے جس کے بعد ہریش راؤ نے اپنی آفس کو ہدایت دی کہ وہ جارڈن سے 12 مزدوروں کو واپس لانے کے انتظامات کریں۔ ہریش راؤ نے جارڈن میں پھنسے ہوئے مزدوروں کے تعلق سے ریاستی اور مرکزی حکومت کو اس کی اطلاع دی ، ساتھ ہی مرکزی وزراء جی کشن ریڈی ، بنڈی سنجے سے بھی اس مسئلہ کو رجوع کیا۔ اس کے علاوہ بی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ سریش ریڈی نے بھی اس معاملہ میں اہم رول ادا کیا۔ جارڈن میں موجود ہندوستانی عہدیداروں سے رابطہ پیدا کیا اور کمپنی کے نمائندوں سے بھی تبادلہ خیال کیا جس کے بعد کمپنی نے پینالٹی ادا کرنے پر انہیں واپس بھیجنے کا یقین دلایا۔ ہریش راؤ نے 12 مزدوروں کی پینالٹی کے ساتھ ہندوستان واپس آنے کے تمام اخراجات کو قبول کیا اور فلائیٹ کے ٹکٹ بھی بک کرائی جس کے بعد آئندہ ایک ہفتہ میں اضلاع نظام آباد ، نرمل ، کاما ریڈی ، جگتیال ، سدی پیٹ سے تعلق رکھنے والے 12 مزدور ہندوستان کی سرزمین پر قدم رکھیں گے ۔ مزدوروں کے افراد خاندان نے ہریش راؤ کی اس مدد پر اظہار تشکر کیا۔2