پٹنہ : آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد یادو نے بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت کو ایکبار پھر تنقید کا نشانہ بنایا اور ذات پات کی بنیاد پر مردم شماری کے لیے اپوزیشن کی جانب سے حکومت پر دبائو ڈالنے کا تذکرہ کیا اور کہا کہ دبائو اس قدر بڑھایا جائے گا کہ حکومت ذات پات پر مبنی مردم شماری کروانے کے لیے مجبور ہوجائے گی۔ یاد رہے کہ لالو پرساد کا یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے کہ جب آر ایس ایس نے کہا تھا کہ وہ ذات پات پر مبنی مردم شماری کی اس وقت تائید کرے گی جب ملک کے کمزور طبقات کے حاصل کئے ہوئے ڈیٹا کو ان کے ہی فائدے کے لیے استعمال کیا جائے ناکہ سیاسی مقاصد کے لیے۔ بی جے پی اور آر ایس ایس کو یہ اختیار کس نے دیا کہ وہ یہ کہے کہ ذات پات پر مبنی مردم شماری نہیں کروائی جائے گی۔ ہم ان کے کان مروڑتے ہوئے انہیں اٹھک بیٹھک پر مجبور کردیں گے۔ انہوں نے ہندی میں ’ایکس‘ پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ دلت اور سماج کے دیگر پسماندہ اور غریب طبقات متحدہو جائیں۔