ہم آہنگی سے مختلف مذاہب کی بقائے باہم ہندوستان کا حسن

,

   

وزیراعظم نریندر مودی کا حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ کے 807ویں عرس پر پیغام

اجمیر ۔ 6مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) حضرت خواجہ معین الدین چشتی ؒ کے 807ویں عرس کے موقع پر وزیراعظم نریندر مودی نے آج اپنے پیغام میں کہاکہ تمام مذاہب اور طبقات کا ہم آہنگی کے ساتھ بقائے باہم ’’ہمارے ملک کا حسن ہے ‘‘ ۔ مودی کا پیغام مرکزی وزیر برائے اقلیتی اُمور مختار عباس نقوی نے وزیراعظم نریندر مودی کی ایماء پر درگاہ اجمیر شریف پر چادر گُل پیش کرتے ہوئے اُن کا پیغام پڑھ کر سنایا ۔ وزیراعظم کی جانب سے یہ چادر دونوں انجمنوں کے صدور کے حوالے کی گئی ۔ اجمیر شریف درگاہ اور اجمیر شریف درگاہ کمیٹی کے صدور نے نئی دہلی میں چادر حاصل کی ۔ مختار عباس نقوی نے کہا کہ وزیراعظم مودی قومی صیانت کیلئے جدوجہد کرنے کے پابند ہیں ۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف عدم رواداری کی پالیسی اختیار کررکھی ہے اور ملک کو یقین ہوگیا ہے کہ ہندوستان اب محفوظ ہاتھوں میں ہے ۔ مودی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم آہنگی کیساتھ مختلف مذہبی طبقات ، عقائد اور یقین کا بقائے باہم ہمارے ملک ہندوستان کا حسن ہے ، یہاں پر سنت سادھو ، پیر اور فقیر ہمیشہ سے امن اتحاد اور ہم آہنگی کا پیغام وقفہ وقفہ سے دیتے رہے ہیں ۔ انہوں نے نظم و ضبط ، اچھائی اور صبر و ضبط کا پیغام پھیلانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ کو عظیم روحانی ہندوستانی روایت کی علامت قرار دیتے ہوئے اُن کی تعریف کی اور کہا کہ اُن کی انسانیت کیلئے خدمات سے آئندہ کئی مسئلوں کو تحریک حاصل ہوگی ۔ اُن کے عرس کے موقع پر میں یہ چادر درگاہ اجمیر شریف کیلئے روانہ کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ اجمیر پر حضرت معین الدین چشتیؒ کی برسی منائی جارہی ہے ۔ مختار عباس نقوی نے کہا کہ وزیراعظم کو یقین ہے کہ صوفی سنتوں کی روایات انسانی اور انصاف کی اقدار کو فروغ دینے میں ایک اہم کردار ادا کررہی ہیں ۔ جب کہ دہشت گردی کے خلاف اُن کا کردار ایک مجاہد کے مماثل ہیں ۔ ہندوستان روحانیت کا ملک ہے اور صوفی تمدن انسانیت کو یقینی بناتا ہے ۔ دہشت گردی کو شکست دے کر اور تشدد کی تمام نوعیتوں کو شکست دیتے ہوئے انسانی اقدام اور انصاف کو فروغ دیتا ہے ۔ نقوی نے وزیراعظم کا پیغام پڑھ کر سنایا جس میں صوفی سنت حضرت خواجہ معین الدین چشتی ؒ کے تمام ملکی اور غیرملکی پیروؤں کو اُن کے عرس کی مبارکباد پیش کی گئی ہے ۔ مختار عباس نقوی نے اس موقع پر قائدوشرام استھلی یونیورسٹی کا سنگ بنیاد بھی رکھا اور خواجہ غریب نواز ڈسپنسری کی رسم افتتاح بھی درگاہ شریف کے احاطہ اور سیول لائن اجمیر میں انجام دی ۔ بعدازاں حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے نقوی نے کہا کہ ہندوستان محفوظ ہاتھوں میں ہے جو ملک اور عوام کی صیانت کا کسی بھی قیمت پر سودا نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ اور تنظیمیں دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث ہیں انہیں اسلام کی سلامتی کی کوئی فکر نہیں ہے بلکہ درحقیقت وہ مذہب کے سب سے بڑے دشمن ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان پوری دنیا کیلئے سماجی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا ایک نمونہ ہے ۔