ہم ایران میں پلوں اور بجلی گھروں کو نشانہ بنائیں گے

,

   

ایران کو وقت گزرنے سے پہلے معاہدہ کرلینے امریکی صدر ٹرمپ کا انتباہ

واشنگٹن ۔ 3 اپریل (ایجنسیز) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایران میں پلوں اور بجلی گھروں کو بم باری سے تباہ کرنے کی دھمکی دی ہے، جو ملک کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کے حوالے سے ان کا تازہ ترین انتباہ ہے۔ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعے کے روز سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ امریکی فوج نے “ایران میں جو کچھ باقی رہ گیا ہے اسے تباہ کرنا ابھی شروع نہیں کیا۔ پل اگلا قدم ہیں، اور پھر بجلی گھر۔””روئٹرز” کے مطابق انہوں نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا کہ ایرانی قیادت “جانتی ہے کہ کیا کیا جانا چاہیے، اور یہ ہونا چاہیے، اور جلد!”اس سے قبل جمعرات کو امریکی صدر نے تہران اور اس کے مغرب میں واقع شہر کرج کو ملانے والے ایک اہم پل پر بم باری کی تعریف کی تھی، انھوں نے ایران پر زور دیا تھا کہ وہ “وقت گزرنے سے پہلے” معاہدہ کر لے۔ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنے پلیٹ فارم “ٹروتھ سوشل” پر ایک وڈیو کلپ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا، جس میں دھوئیں کے بادلوں کے درمیان ایک معلق پل کا ایک حصہ گرتے ہوئے دکھایا
گیا ہے، کہ ایران کا سب سے بڑا پل گر رہا ہے، اور اسے دوبارہ کبھی استعمال نہیں کیا جائے گا۔امریکی صدر نے مزید کہا “ایران کیلئے وقت آ گیا ہے کہ وہ بہت دیر ہونے سے پہلے معاہدہ کر لے، ورنہ اس میں سے کچھ باقی نہیں بچے گا جو کسی دن ایک عظیم ملک بن سکتا ہے، تاہم انہوں نے اس معاہدے یا اس کی شرائط کے بارے میں مزید تفصیلات ذکر نہیں کیں۔ایران کے سرکاری ٹیلی ویڑن نے اعلان کیا ہے کہ پل بی 1، جو ملک کے پیچیدہ ترین انجینئرنگ ڈھانچوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے، جمعرات کو دو مرحلوں میں امریکی حملوں کا نشانہ بنا، جس کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد ہلاک اور 95 زخمی ہوئے۔اس تناظر میں ایک امریکی اہل کار نے ویب سائٹ axios کو کرج میں پل بی 1 کو نشانہ بنانے کا جواز پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اسے تہران سے مغربی ایران تک میزائلوں کی منتقلی کیلئے استعمال کیا جا رہا تھا۔ مزید کہا گیا کہ ایران نے اس پل کو فوج کیلئے لاجسٹک مدد فراہم کرنے کیلئے استعمال کیا۔ایران میں صوبہ البرز کے حکام نے مقامی لوگوں سے پل سے دور رہنے کی اپیل کی ہے، جسے ایک گھنٹے کے دوران دو بار نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے نشان دہی کی کہ “نیا حملہ اس وقت ہوا جب امدادی ٹیمیں پہلے حملے کے متاثرین کی مدد کیلئے کام کر رہی تھیں۔دوسری جانب ایرانی نیوز ایجنسی فارس نے اطلاع دی ہے کہ نشانہ بنایا گیا پل مشرق وسطیٰ کا سب سے اونچا پل ہے، جس کا افتتاح رواں سال کے شروع میں ہوا تھا۔