ہم تمام طبقات متوفی عالیہ بیگم کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں

   

سابق رکن اسمبلی کرانتی کرن اور دیگر قائدین کا اظہار تعزیت، واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ
سنگا ریڈی 21 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سنگا ریڈی ضلع کے من پلی منڈل کے موضع انتارام کی متوفی عالیہ بیگم کے افراد خاندان سے کرانتی کرن سابق رکن اسمبلی اندول، ایم اے مقیم اڈوکیٹ سپریم کورٹ و سینئر قائد بی آر ایس پارٹی، محمد افتخار علی قائد بی آر ایس پارٹی شنکر سائی کمار، کرشنا مورتی، الیاس شریف، محمد غوث ڈاکٹر و دیگر کے ہمراہ ملاقات کی اور مرحومہ عالیہ بیگم کے والد محمد اسمعیل سے اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ کرانتی کرن سابق رکن اسمبلی اندول نے کہا کہ اس معاملے کی تحقیقات کرتے ہوئے حملے میں ملوث دونوں افراد کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔ انھوں نے کہا کہ 11 فبروری کو یہ واقعہ پیش آیا جبکہ 16 فبروری کو لڑکی کا انتقال ہوا اور اس کے بعد یہ واقعہ منظر عام پر آیا۔ واقعہ کی خبر عام ہونے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کیا ہے۔ اگر زخمی عالیہ بیگم کو فوری سنگا ریڈی گورنمنٹ ہاسپٹل یا حیدرآبادکے گاندھی ہاسپٹل روانہ کیا جاتا تو ان کی جان بچائی جا سکتی تھی ہم سب اور تمام طبقات متوفی کے خاندان کے ساتھ ہیں۔ حکومت کی جانب سے متوفی خاندان کو فوری طور پر ایکس گریشیاء جاری کرنے حکومت سے مطالبہ کیا۔ ایم اے مقیم سینئر ایڈوکیٹ سپریم کورٹ نے کہا کہ اس واقعہ کی حکومت کی جانب سے صاف و شفاف طریقے سے تحقیقات کرواتے ہوئے حملہ کرنے والے افراد کے خلاف سخت ترین کاروائی کی جائے اور حکومت کی جانب سے مرحوم عالیہ بیگم کے خاندان سے کسی ایک فرد کو سرکاری نوکری ایکس گریشیا اور ڈبل بیڈ روم مکان فوری منظور کرنے کا مطالبہ کیا۔ محمد معظم علی افتخار سینئر بی آر ایس قائد نے کہا کہ اپنے والد کو حملے میں بچانے کی خاطر 15 سالہ عالیہ بیگم شدید زخمی ہوگئی تھی اوران کا انتقال ہو گیا جس کا بے حد افسوس ہے اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے اور دیگر طبقات کے افراد بھی ان کے مکان پہنچ کر افسوس کا اظہار کر رہے ہیں ،دونوں ملزمین کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا۔