ہم ریاستی درجہ کی بحالی کیلئے لڑ رہے ہیں:نائب وزیر اعلیٰ

   

سری نگر، 23 (یو این آئی) جموں وکشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری کا کہنا ہے کہ نیشنل کانفرنس آج بھی جموں وکشمیر کے ریاستی درجے اور خصوصی درجے کی بحالی کیلئے لڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سرکار طوفانوں سے لڑ رہی ہے اور ہم لوگوں کے حقوق کیلئے جدو جہد جاری رکھیں گے۔ موصوف نائب وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کو یہاں نامہ نگاروں کے سوالوں کا جواب دینے کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کی قیادت آج بھی جموں وکشمیر کے ریاستی درجے اور خصوصی درجے کی بحالی کیلئے لڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں عوامی مینڈیٹ ان آوازوں کو سننے کیلئے ملا جن کو پچھلے دس سالوں میں نہیں سنا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے پہلگام سانحہ پیش آیا جس سے جموں وکشمیر خاص کر کشمیر کو کافی نقصان ہوا اور شعبہ سیاحت سب سے زیادہ متاثر ہوا جس کی وجہ سے اس سے جڑے تمام لوگوں کو نقصان ہوا۔ چودھری نے کہا کہ جنگ سے پونچھ میں ہمارے کئی لوگ جاں بحق ہوئے اور کافی مالی نقصان بھی ہوا۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے الرٹ جوانوں اور دفاعی نظام نے دشمن کے ڈرون حملوں کو ناکام بنا دیا۔
ان کا کہنا تھا: ‘ہندوستان کے لوگ جموں وکشمیر کے لوگوں سے محبت کرتے ہیں اور وہ یہاں آئیں گے ‘۔