ہم عدم تشدد اور امن کے راستے پر ہی آگے بڑھیں گے: اشوک گہلوت

   

جے پور: ریاستی حکومت کے ‘امن اور عدم تشدد’ کے جذبے کو عملی جامہ پہناتے ہوئے اتوار کو ‘جیتو اہنسا رن’ کا انعقاد کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے صبح مہاویر جین دگمبر ودیالیہ سے ہری جھنڈی دکھا کر دوڑنے والوں کی حوصلہ افزائی کی۔گہلوت نے کہا کہ بھگوان مہاویر اور بابائے قوم مہاتما گاندھی کے عدم تشدد، امن اور سچائی کے نظریات آج بھی معنویت رکھتے ہیں ۔ ہم سب کے بتائے ہوئے راستوں پر چلنے کے ساتھ ساتھ ان کے پیغامات کو عوام تک پہنچانا چاہیے۔ ہمیں میراتھن جیسی سرگرمیوں میں حصہ لے کر زندگی میں عدم تشدد کا عہد لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ صرف وہی خاندان، سماج، ریاست آگے بڑھتی ہے جو عدم تشدد اور امن کے راستے پر چلتی ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہندوستان عدم تشدد اور امن کے راستے سے ہی آگے بڑھ رہا ہے۔ راجستھان حکومت بھی اسی عزم کے ساتھ عوامی بہبود کی سمت میں کام کر رہی ہے۔ آزادی کی جنگ بھی سچائی اور عدم تشدد کی بنیاد پر جیتی گئی۔ عدم تشدد اور امن کا پیغام ہندوستان ہی سے پوری دنیا میں پھیلا ہے